نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کی زندگی خطرے میں ہے،گزشتہ رات طبیعت میں خرابی ایک انتباہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں ڈاکٹر عدنان نے انکشاف کیا کہ صبح تقریباً4 بجے نواز شریف کی طبیعت خراب ہوگئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم کو سانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھا،انہیں اپنا دم گھٹنا ہوا محسوس ہونے لگا،نواز شریف نے گارڈز سے سیل کا دروازہ کھولنے کی درخواست کی ۔
ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ میں نے نواز شریف سے جیل میں ملاقات کی اور ان کا طبی معائنہ کیا اور انہیں اسپرے دیا جس کے بعد سے ان کی طبیعت میں بہتری ہے۔
نواز شریف کے ذاتی معالج نے چند روز قبل پنجاب حکومت کو خط لکھا تھا جس میں سابق وزیراعظم کے طبی معائنے کی اجازت طلب کی تھی۔
ڈاکٹر عدنان نے خط میں یہ بھی لکھا تھاکہ کئی بار حکومت سے نواز شریف کے معائنے کی اجازت طلب کی مگر انکار کیا گیا۔
خط میں انہوں نے پنجاب حکومت کے رویے کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔