وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی رویت ہلال کے تنازع پر میدان میں کود پڑیں۔
میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی کی از سر نو تشکیل کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ رویت ہلال کمیٹی کو خیبرپختونخوا سے آنے والی شہادتوں کو بھی دیکھنا چاہیے۔
معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ اگلے سال کوشش ہوگی کہ ملک میں ایک عید ہو،اس معاملے پر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے بھی مدد لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواہش تھی کہ شہباز شریف صاحب عید پاکستان میں عوام کے ساتھ مناتے ۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے بے بس قیدیوں کے جرمانے ادا کروا کر 820خاندانوں کوعید کا تحفہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر قیدیوں کی رہائی حکومتی احساس میں تبدیلی کی علامت ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ شخصیات آتی جاتی ہیں، اداروں اور کرسی کا احترام برقرار رہنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحافی برادری کے لیے عمران خان کے وژن کی علمبردار ہوں،میں نے سہولت کاری ضرور کی ہے لیکن اس کا سہرا عمران خان کے سر جاتا ہے، ان ہی کی ہدایت پر یہاں آئی ہوں۔