• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ بار کا جسٹس فائز ریفرنس کیخلاف کل بائیکاٹ کا اعلان

سپریم کورٹ بار کا جسٹس فائز ریفرنس کیخلاف کل بائیکاٹ کا اعلان
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر حکومتی ریفرنس کے خلاف کل ملک بھر کی عدالتوں میں وکلاء کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر امان اللہ کنرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ پر حکومتی ریفرنس کے خلاف کل ملک بھر کی عدالتوں کا وکلاء بائیکاٹ کریں گے۔

سپریم کورٹ بار کا جسٹس فائز ریفرنس کیخلاف کل بائیکاٹ کا اعلان
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر امان اللہ کنرانی

انہوں نے کہا کہ پاکستان بار کونسل کے بھی دونوں گروپس نے عدالتوں کے بائیکاٹ اور احتجاج کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

امان اللہ کنرانی نے کہا کہ تمام اداروں اور بارز کی جانب سے حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں، کل بلوچستان ہائی کورٹ میں بھی احتجاج کیا جائے گا۔

صدرسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان کے شہری کے طور پر میں خود بھی اظہارِ یک جہتی کے لیے بلوچستان بار کونسل کے ساتھیوں کے ساتھ احتجاج کا حصہ بنوں گا۔

ادھر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے فل ہاؤس اجلاس میں وکلا قاضی فائز عیسیٰ ریفرنس کے معاملے پر تقسیم ہوگئے ،اجلاس مچھلی منڈی بن گیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے کیانی ہال میں سیاسی جماعتوں کے وکلاء آمنے سامنے آگئے، نون لیگی، پی ٹی آئی اور قاف لیگ کے وکلاء نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے۔

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی جماعت کے نہیں ہائی کورٹ بار کے ساتھ ہیں۔

کوئی بھی قرار داد منظور نہ ہوسکی اور اجلاس بے نتیجہ ملتوی کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ اس حوالے سے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے لندن میں کیمبرج یونیورسٹی میں یونین سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو نہیں ہٹاسکتی، انہیں ہٹانے کا معاملہ حکومت کا نہیں جوڈیشل کونسل کا ہے۔

تازہ ترین