• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خلیج عمان میں 2 آئل ٹینکروں پرحملہ ،ایران امریکا کشیدگی بڑھ گئی

تہران (جنگ نیوز /مانیٹرنگ سیل) خلیج عمان میں 2 تیل بردار جہازوں پر مبینہ حملہ کیا گیا ہے، تاہم حملوں کا شکار جہازوں کے عملے کو باحفاظت نکال لیا گیا ۔آبنائے ہرمز کے نزدیک بین الاقوامی پانیوں میں ہونےو الے اس حملے کی ذمہ داری ایک امریکی عہدیدار نے ایران پر عائد کی ہے ،امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے خلیجِ عُمان میں دو تیل کے ٹینکروں پر ’بلا اشتعال حملوں‘ کا الزام ایران پر عائد کیا ہے۔ اس سے قبل ایران کے سینئر اہلکار نے ایک بیان میں کہا تھا کہ دھماکوں سے ’ایران کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکہ نے یہ اندازہ ان حملوں میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کی قسم سے متعلق انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر لگایا ہے۔‘امریکی وزیر خارجہ نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ یہ اندازہ انٹیلیجنس کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔ جس قسم کے ہتھیار استعمال ہوئے، آپریشن کو کرنے کے لیے جس لیول کی مہارت کی ضرورت ہوتی ہے، ایران نے حال ہی میں جہازوں پر اس سے مماثلت رکھتے حملے کیے ہیں، اور یہ حقیقت کہ اس علاقے میں کارروائیاں کرنے والے کسی پراکسی گروپ کے پاس اتنے وسائل اور مہارت نہیں کہ وہ اتنے اعلی پیمانے کا حملہ کر سکے۔امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایران کی جانب سے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے مفادات پر کیے جانے والے مسلسل حملوں میں تازہ ترین حملہ ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بلااشتعال حملے عالمی امن اور سکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں۔انھوں نے کہا کہ یہ ایران کی جانب سے کشیدگی کو بڑھانے کی ناقابل قبول مہم ہے۔ادھر مشتبہ تخریبی حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں چار فی صد سے زیادہ اضافہ ہوگیا ہے۔
تازہ ترین