• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ ٹیم پر پابندی کیلئے عدالت میں پٹیشن دائر

راولپنڈی (جنگ نیوز) کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی اور بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیم کی پابندی سے متعلق عدالت میں پٹیشن دائر کردی گئی۔سینئر سول جج رائے افضال کھرل نے پٹیشن سماعت کیلئے سول جج ابرار علی کو تفویض کردی۔ جنہوں نے پی سی بی حکام کو 20 جون کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔ پٹیشن گوجرانوالہ میں ایڈووکیٹ منظور قادر بھنڈر نے سینئر سول جج رائے افضال کھرل کی عدالت میں دائر کی۔مذکورہ پٹیشن میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اور تمام کھلاڑیوں کو فریق بنایا گیا۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کے باعث قوم کی دل آزاری ہوئی اور ملک کا وقار بھی مجروح ہوا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ورلڈکپ میں پاکستان کے دیگر میچز منسوخ کرکے اسے فوری واپس بلانے کا حکم دیا جائے جبکہ سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کرکے کرکٹ ٹیم پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔

تازہ ترین