• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحٰق ڈار کا برطانوی ہوم آفس کا دورہ، میڈیا ٹرائل سے حکام کو آگاہ کیا

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے برطانوی ہوم آفس کا دورہ کیا اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے میمورنڈم آف انڈر سٹینڈنگ (ایم او یو ) کے نام پر حکومت پاکستان کی جانب سے کئے جانے والے میڈیا ٹرائل سے ہوم آفس کے حکام کو آگاہ کیا۔ ایک سال قبل برطانیہ آنے کے بعد انکا ہوم آفس کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ دی نیوزکے رابطہ کرنے پر ان کے بیٹے علی ڈار نے تصدیق کی کہ ان کے والد نے ان کی پاکستان حوالگی کیلئے دستخط ہونے والے ایم او یو کے تناظر میں حکام کی جانب سے اپنے خلاف جاری میڈیا ٹرائل کا معاملہ برطانوی حکام کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسحٰق ڈار نے پہلی مرتبہ گزشتہ سال ہوم آفس سے رابطہ کیا تھا جب سابق چیف جسٹس آف پاکستان کے حکم پر ستمبر 2018 میں ان کا پاسپورٹ غیر قانونی طور پر کینسل کر دیا گیا تھا۔ اسحٰق ڈار نے اب ہوم آفس سے اس لئے رابطہ کیا جب حکومتی منسٹرز نے یہ دعوے کئے کہ برطانیہ کی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ٹرائل کا سامنا کرنے کیلئے اسحٰق ڈار کو پاکستان کے حوالے کر دے گی۔ علی ڈار نے بتایا کہ ان کے والد نے برطانوی حکومت آفس کو مطلع کیا کہ پی ٹی آئی حکومت برطانوی حکومت کا نام استعمال کر کے انہیں میڈیا کے ذریعے مطعون کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کے ایڈوائزر برائے احتساب شہزاد اکبر نے ایک روز قبل کہا تھا کہ برطانوی حکومت ڈار کو جلد گرفتار کر لے گی۔

تازہ ترین