• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں جیتنے کے عزم کے ساتھ دنیا بھر سے 10 ٹیمیں میدان میں اتری ہیں، مگر فاتح وہ ٹیم ہوگی جس کی بے مثال محنت کے ساتھ ساتھ قسمت بھی لا جواب ہوگی ۔


کرکٹ ورلڈ کپ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں کرکٹ شائقین پاکستانی کپتان سرفراز احمد سے آٹو گراف لے رہے ہیں اور سیلفیز بنوا رہے ہیں، جبکہ سرفراز احمد سبھی کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آ رہے ہیں۔

ورلڈ کپ کے سلسلے میں کھیلےجانے والا گزشتہ روز پاکستان جنوبی افریقا میچ میں قومی ٹیم نے بے دھڑک بیٹنگ اور بہترین میچ کھیل کر اپنے اوپر ہونے والی تنقید کو تعریف میں بدل دیا ہے ۔

ورلڈ کپ کے 30ویں میچ میں جہاں پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بہترین اننگز کھیلی اور جنوبی افریقا کو خوب چھکے چوکے لگائے وہیں 7 آسان ترین کیچز بھی چھوڑے ، مگر عوام کو کارکردگی کا حساب کتاب سمجھ میں نہیں آتا، اُنہیں چاہئے توبس جیت۔

گزشتہ روز جنوبی افریقا کو جب 49 رنز سے شکست دے کر سرفراز الیون نے جیت اپنے نام کی تو تنقید کرنے والوں کے جذبات بھی یکسر بدل گئے اور وہی شائقین سرفراز احمد اور ٹیم کے ساتھ سیلفیزبنوانے اور آٹوگراف مانگنے لگ گئے ہیں۔

اس سے قبل16 جون کو ہونے والے مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں پاک بھارت میچ میں پاکستانی ٹیم کی خراب کارکردگی رہی جس پر عوام سرفراز احمد کی جمائیوں، شعیب ملک کے لگاتار 2 میچز میں انڈے پر آؤٹ ہونے اور امام الحق سمیت دوسرے بلے بازوں کی بد ترین بیٹنگ اور قومی ٹیم کے سیر سپاٹوں پر کافی نالاں تھی، کھلاڑیوں کو ہر جگہ تنقید اور برے القاب کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

کل جنوبی افریقا کو 49 رنز سے ہرانے کے بعد یہی ٹیم عوام کی آنکھوں کی تارہ بنی ہوئی ہے اور بہترین کھیل پیش کرنے پر تعریفیں سمیٹ رہی ہے۔

اسی سلسلے میں اب قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے ناقدین معافی بھی مانگ رہے ہیں جبکہ بہترین کارکردگی کےگن گاتے ہوئے ٹوئٹر پر ’’پاکستان کو سرفراز سے پیار ہے‘‘ اور’’ہم سرفراز کے ساتھ کھڑے ہیں‘‘ کو ٹاپ ٹرینڈ بنا رہے ہیں۔










سرفراز الیون کی ورلڈ کپ کے 30 ویں میچ میں جنوبی افریقا کے خلاف کارکردگی پریہ شعر ثابت آتا ہے کہ:

صبح کے تخت نشیں، شام کو مجرم ٹھہرے

ہم نے پل بھر میں نصیبوں کو بدلتے دیکھا 

تازہ ترین