• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کا ذرہ ذرہ نواز شریف نے سجایا ہے۔

لاہور سے بذریعہ موٹروے اسلام آباد جاتے ہوئے ویڈیو پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ قوم کے محسن کو بغیر کسی گناہ یاجرم کےجیل کی سلاخوں کے پیچھے پھینکا ہوا ہے۔


انہوں نے کہا کہ نالائق اعظم نے آج ملک کا یہ حال کر دیا ہے کہ ملکی ترقی رک چکی ہے۔

ویڈیو پیغام میں ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ یہ جہاز نواز شریف کے بنائے ہوئے نیو اسلام آباد ائر پورٹ کی جانب جارہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ موٹر وے بھی ماشاء اللہ نواز شریف نے بنائی ہے، پاکستان کا ذرہ ذرہ سابق وزیراعظم نے سجایا ہے۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، قوم کی آسانی کیلئے ورلڈ کلاس سڑکیں بنا کر سفر آسان بنایا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے موٹرویز کے لیے صوبوں کو آپس میں جوڑا، بڑے افسوس سے کہنا پڑتا ہے قوم کے محسن کو بغیرکسی گناہ یاجرم کے جیل کی سلاخوں کے پیچھے پھینکا ہوا ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کا جرم قوم کیلئے کھڑا ہونا اور عوام کے حق حکمرانی کا علم بلندکرنا ہے، 3بار وزیراعظم رہنے والا شخص عوام کیلئے قید کی سزا بھگت رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نالائق اعظم اور سلیکٹڈ وزیراعظم نے آج ملک کا یہ حال کردیا ہے کہ ملکی ترقی رک چکی ہے، آج کاروبار رک چکے ہیں، مہنگائی سے عوام پس رہی ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ جس نے لوگوں کیلئے آسانیاں پیداکیں، اللہ اس نوازشریف کیلئے آسانیاں پیدا کرے اور اسے جلد عوام میں واپس لائے۔

ن لیگ کی نائب صدر مولانا فضل الرحمٰن کی سربراہی میں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کےلئے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوئیں۔

تازہ ترین