• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیبر پارٹی اقلیتوںکی نمائندہ ہے، اعتماد پر پورا اتریں گے، پاکستان نژاد نومنتخب کونسلرز سٹی کونسل نوٹنگھم

نوٹنگھم(ابرار مغل) نوٹنگھم سٹی کونسل کے حالیہ انتخابات میں پہلی بار دس پاکستانی و کشمیری نژاد لیبر امیدواروں کی تاریخ ساز کامیابی پر یونین آف پاکستان و کشمیری آرگنائزیشنز نوٹنگھم نے تقریب کا اہتمام کیا۔ نو منتخب لیبر کونسلروں سید حسن بخاری، جاوید خلیل، آزاد چوہدری، گلفراد خان، نگہت خان، محمد صفیر راجپوت، سلمہ ممتاز، ساجد محمود، ضفران علی اور دیگر کے علاوہ تقریب میں لیبر پارٹی کے مختلف کونسلرز، ممبران پارلیمنٹ ، پولیس اینڈ کرائمز کمشنر، لیڈر آف کونسل، لارڈ میئر آف نوٹنگھم، شیرف آف نوٹنگھم سمیت مختلف کمیونٹیز کی نمایاں شخصیات، پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نظامت کے فرائض یو پی کے اوکی ایجوکیشن کمیٹی کے چیئرمین اشتیاق الحق اور آزادی ویمن فورم کی چیئرپرسن ثناء ناصر نے ادا کئے۔ تلاوت و نعت شریف کے بعد نو منتخب کونسلروں نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سابق کیبنٹ ممبر و کونسلر سید حسن بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوٹنگھم کی تاریخ میں پہلی بار 10 پاکستانی اور کشمیری نژاد کونسلرز لیبر پارٹی کے پلیٹ فارم سے منتخب ہوئے ہیں جو اس بات کی غمازی ہے کہ لیبر پارٹی حقیقی معنوں میں مختلف کمیونٹیز اور اقلیتوں کی نمائندہ جماعت ہے، اس شاندار کامیابی میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کا کردار انتہائی کلیدی اور اہم رہا ہے۔ لیبر پارٹی نے امیدواروں پر جو اعتماد کیا اس پورا اترتے ہوئے بھرپور کامیابی حاصل کی گئی۔ سید حسن بخاری نے کہا کہ اس وقت خصوصاً پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے مسائل اور مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے، قبرستان سے لیکر اسکولوں تک ہماری مشکلات بڑھ رہی ہیں اس لئے ضروری ہے کہ ہم عملی سیاست میں آگے بڑھ کر اس مسائل کے سدباب کیلئے جدوجہد کرسکیں سید حسن بخاری نےزور دیا کہ جیسے جیسے ہماری مسائل اور مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ہمیں لیبر پارٹی کے پرچم تلے متحد ہوکر اپنی صدا بلند کرنی ہوگی، اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم برطانوی سیاست میں حصہ لیں، مقامی سیاست کرتے ہوئے پالیسی ساز اداروں تک رسائی حاصل کریں۔ دیگر نومنتخب کونسلرز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی کامیابی لیبر پارٹی کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔ لیبر پارٹی صحیح معنوں میں مختلف اقلیتوں اور کمیونٹیز کا گلدستہ ہے۔ یو پی کے او کے چیئرمین راجہ نثار خان نے شرکاء تقریب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار ہماری کمیونٹی کے دس کونسلروں کی کامیابی ہمارے لئے انتہائی فخر و اعزاز کی بات ہے۔ لیبرپارٹی کے ممبر آف پارلیمنٹ ایلس نورس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ مثبت کردار اورنمایاں کارکردگی سے لیبرپارٹی کے منشور کو تقویت پہنچائی ہے ہر میدان زندگی میں اپنی محنت اور لگن سے نام کمایا انہوں نے BAMEلیبر فورم تلے مختلف کمیونٹیز کو متحد کرکے عملی سیاست میں متحرک اورفعال کرنے پر سید حسن بخاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ سید حسن بخاری رول ماڈل ہیں جنہوں نے نہ صرف سیاست میں نام کمایا بلکہ نوٹنگھم کے عوام کو سٹی کالج جیسا عظیم الاشان و وسیع المقاصد ادارہ دیا ہے۔ ان کی جدوجہد کی وجہ سے آج دس پاکستانی لیبر کے پرچم تلے کونسل تک پہنچ گئے ہیں۔ لیڈر آف کونسل کونسلر ڈیوڈ میلن نے کہا کہ نوٹنگھم شہر کثیر ثقافتی بن چکا ہے۔ سید حسن بخاری کی کاوش اور محنت سے پہلی بار لیبرپارٹی کے دس پاکستانی و کشمیر نژاد امیدواروں نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ لیبرپارٹی کی ریجنل ڈائریکٹر ایماء فورڈی نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی میں ان کی محنت اور لگن کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کا بھرپور تعاون بھی شامل ہے جنہوں نے باہر نکل کر ان کے حق میں ووٹ کیا۔ انہوں نے کہا سید حسن بخاری اور ان کی ساری ٹیم نے پاکستانیوں سمیت مختلف کمیونٹیز کو لیبر پارٹی میں متحرک اور فعال کردار ادا کرنے کیلئے جو جدوجہد کی وہ آج رنگ لے آئی، پاکستانیوں سمیت18 مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے کونسلر بنے ہیں۔ نوٹنگھم کے پولیس اینڈ کرائمز کمشنر، شیرف آف نوٹنگھم اور مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنےوالے کونسلرز نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ لیبر کی پلیٹ فورم سے مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں، مختلف مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوٹنگھم میں آباد مسلمانوں سمیت کمیونٹیز کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔ ٹیکسی ڈرائیوروں سے لیکر ہمارے سکولوں اورقبرستان میں جگہ کی کمی تک ہم متاثر ہو رہے ہیں اس کی بنیادی وجہ ہماری مقامی سیاست میں حصہ داری نہ ہونا ہے انہوں نے کہا کہ BAME لیبر فورم سے سید حسن بخاری نے مختلف کمیونٹیز کو مقامی سیاست میں متحرک کرنے کی جو تحریک شروع کی تھی آج رنگ لے آئی ہے، اس بار 10پاکستانیوں سمیت مختلف کمیونٹیزکے 18کونسلرز منتخب ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان و کشمیری بے پناہ خوبیوں اور صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ ان کو استعمال کیلئے لیبر پارٹی کا پلیٹ فارم موجود ہے ہمیں لیبر پارٹی میں بھرپور شمولیت اور مقامی سیاست میں حصہ لینا ہوگا۔ اس پروقار تقریب میں لگ بھگ500افراد نے فیملیز کے ہمراہ شرکت کی جبکہ یوپی کے او کے وائس چیئرمین انوار چوہان، شعبہ خواتین کی چیرپرسن پروین بیگم، کشمیر کمیٹی کے چیئرمین اشفاق راجہ، سیکرٹری جنرل محمد الیاس، میڈیا انچارج راجہ امجد مظہر اور دیگر ٹیم نے میزبانی اور جملہ انتظامات سر انجام دیئے۔
تازہ ترین