• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میونسپل کارپوریشن عملہ کی ملی بھگت سے نالہ لئی کے اطراف غیرقانونی تعمیرات

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کے مختلف علاقوں میں بلانقشہ اور خلاف نقشہ رہائشی وکمرشل عمارتوں کی تعمیر کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا، بدعنوان عملے کی ملی بھگت سے نالہ لئی تک کو نہیں چھوڑا جا رہا وہ نالہ جس کے اطراف میں لئی ایکسپریس وے بنانے کے اعلانات ہو رہے ہیں قبضہ مافیا بھاری رقم دیکر اسی نالے کے کناروں پر شہر کے مختلف علاقوں میں دکانیں اور گودام بنانے میں مصروف ہے اس کے علاوہ جگہ جگہ لئی کناروں پر گندگی اور ملبہ پھینک کر تعمیرات کیلئے جگہ بھی ہموار ہو رہی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے عملے کو پہلے مقامی مسلم لیگی قیادت کی سرپرستی حاصل تھی اب وہی کام تحریک انصاف کے لوگ کر رہے ہیں، اس وقت بھی تھانہ گنج منڈی کے قریب پل کے ساتھ بائیں جانب نالہ لئی پر پانچ دکانیں تعمیر ہو رہی ہیں، پیرودھائی کے علاقہ میں سی این جی سٹیشن کے ساتھ سڑک پر خلاف نقشہ دس دکانیں بناکر پہلی منزل پر کام جاری ہے اسی کے ساتھ بند گلی میں بھی پانچ دکانیں بناکر پلازہ تعمیر ہو گیا ہے۔ ادھر ایک مسلم لیگی تاجر رہنما نے پہلے اقبال روڈ پر شادی ہال کے سامنے ایک غیرقانونی پلازہ تعمیر کیا اور اب ملی بھگت سے کیلیاں والی مسجد کے ساتھ پلازہ بنوا رہا ہے، سیٹلائٹ ٹائون کے تمام بلاکس میں بھی ایک دو نہیں سیکڑوں کے حساب سے بلانقشہ وخلاف نقشہ رہائشی اور کمرشل تعمیرات ہوئیں اور اب بھی جاری ہیں باوجود اس کے کہ سیٹلائٹ ٹائون کے کسی بھی بلاک میں بڑے پلاٹ کو چھوٹا کرنے کی اجازت نہیں مگر ایک لاکھ روپے فی مرلہ کمیشن لیکر بدعنوان عملے نے ناممکن کو ممکن بنا دیا۔شہریوں نے موجودہ صوتحال پر افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس تبدیلی کا انتخاب کیا تھا اس کے نتائج دیکھ مایوسی ہو رہی ہے وزیراعلٰی پنجاب اور دیگر ذمہ داران کو اس صورتحال کا نوٹس لیناچاہئے۔
تازہ ترین