• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہین شاہ کی بولنگ نے بنگالی شائقین کو مایوس کردیا

لارڈز میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے حامی بہت بڑی تعداد میں آئے تھے۔

کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں شاہین شاہ آفریدی کے تباہ کن اسپیل کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کے تماشائیوں نے وقت سے پہلے گرائونڈ چھوڑ دیا۔ وہ بوجھل قدموں اور مایوس کن انداز میں گھروں کو روانہ ہوئے۔

گرین شرٹس کی فتح میں شاہین شاہ آفریدی نے نمایاں کردار ادا کیا، انہوں نے شاندار بولنگ کی اور 35رنز کے عوض 6وکٹیں اپنے نام کیں اور ورلڈ کپ کی تاریخ میں 5یا اس سے زائد وکٹ لینے والے کم عمر ترین بولر بن گئے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم سیمی فائنل کے لئے کوالی فائی نہیں کرسکی تھی لیکن تماشائی خوشی خوشی گھروں کو روانہ ہوئے۔ پاکستان جیتے گا اور جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگتے رہے۔

اختتامی اوورز میں لارڈز میں پاکستانیوں نے خوب جشن منایا، گرائونڈ کے باہر بھی جشن کا سماں تھا۔ جذباتی تماشائی پاکستانی ٹیم کی جیت پر خوش ہوگئے،لارڈز کے باہر ڈھول کی تھاپ پر تماشائی رقص کررہے تھے۔

دو سال پہلے پاکستان اسی ملک میں چار لگاتار میچ جیت کر چیمپنز ٹرافی کا فاتح بنا تھا، پاکستان رن ریٹ کی بنیاد پر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہا لیکن آخری گروپ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 94 رنز سے شکست دے دی، پاکستان نے ورلڈ کپ میں ابتدائی ہچکولے لینے کے بعد مسلسل چوتھی اور ٹورنامنٹ میں پانچویں کامیابی حاصل کی۔

ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے میچ میں105رنز پر آوٹ ہونے والی پاکستانی ٹیم اپنا رن ریٹ بہتر نہ کرسکی، برسٹل میں سری لنکا کا میچ بارش کی نذر ہوگیا جبکہ آسٹریلیا کا میچ گرفت میں آکر ہاتھ سے نکل گیا۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ میری بولنگ کا کریڈٹ بولنگ کوچ اظہر محمود کو جاتا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ میری سولہ وکٹیں پاکستان کے کام آئیں،کم عمری میں پانچ وکٹیں لینے پر خوش ہوں۔

فاسٹ بولر شاہین نے کہا کہ مین آف دی میچ اپنی فیملی اور پاکستان کے نام کرتا ہوں۔ پچ سلوتھی جس پر پہلی اننگز میں بنگلہ دیشی بولروں نے بھی فائدہ لیا۔

تازہ ترین