• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر سندھ سے کراچی ٹرانسپورٹرز وفد کی ملاقات، آج کی ہڑتال مؤخر

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان کی درخواست پر کراچی ٹرانسپورٹرز اتحاد کے چیئرمین ارشاد بخاری کی سربراہی میں وفد کی گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سےملاقات ، کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے (بدھ) 10جولائی کو ہونے والی ہڑتال کو موخر کردیا ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ میں کراچی ٹرانسپورٹرز اتحا دکا شکرگزار ہوں کہ جنہوں نے میری درخواست پر کل ہونے والی ہڑتال موخر کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کی مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کریں ان کے مطالبات بھی کسی حد تک جائز ہیں ۔ اس ضمن میں صوبائی وزیرٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ سے اور وزیر پٹرولیم سے اس سلسلے میں بات کروں گا۔ ٹرانسپورٹر نے اندرون سندھ تعینات چند پولیس افسران کی شکایت کی جس کے لئے میں جلد آئی جی سندھ پولیس سے بھی بات کرو ں گا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں ہڑتال کا اثر ملک کے دیگر صوبوں کو بھی پہنچتا ہے ، ہڑتال موخر کر کے انہوں نے ہمیں موقع دیا ہے کہ ہم ان کے جائز مطالبات کے لیے عملی اقدامات کر سکیں۔ گورنرسندھ نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے پانچ اہم منصوبے ستمبر 2019میں شروع ہونگے جن کا وزیراعظم خود افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر ارشاد بخاری نے کہا کہ شہرکے وسیع تر مفاد کومدنظررکھتے ہوئے اپنی ہڑتال دس دن کے لئے مو¿خرکرنے کا اعلان کرتے ہیں،ہماری آواز کووفاقی حکومت تک پہنچایاگیا جس کے لئے ہم گورنرسندھ اور میڈیا کے مشکور ہیں، سی این جی کی قیمت میں اضافہ قابل تشویش بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں 2011 کے بعد سے اب تک پانچ مرتبہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ کیا جاچکاہے، جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے موٹر وہیکل ٹیکس بھی بڑھایا گیا ہے
تازہ ترین