• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ کا نیا چیمپئن کون، فیصلہ آج ہوجائے گا

کرکٹ کی دنیا کا نیا راجہ کون ہوگا ؟ فیصلہ آج لارڈز کے گراؤنڈ میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے فائنل میں ہو جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2:30 بجے شروع ہوگا۔

ایک طرف ایونٹ کی فیورٹ ٹیم انگلینڈ ہے تو دوسری جانب مضبوط بولنگ اٹیک کی حامل نیوزی لینڈ ہے، دونوں ٹیمیں پہلی بار ورلڈ کا اعزاز اپنے نام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

ڈیڑھ ماہ سے جاری رہنے والی کرکٹ کی عالمی جنگ اب اپنے اختتام کو پہنچ رہی ہے، کرکٹ کی دُنیا کو نیا عالمی چیمپئن ملنے والا ہے۔ انگلینڈ یا نیوزی لینڈ، دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ عالمی کپ کی ٹرافی اٹھانے کے لئے پرعزم ہیں۔

میزبان انگلش ٹیم نے میچ سے قبل لارڈز میں بھرپور ٹریننگ کی۔ اس موقع پر انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن کا کہنا تھا کہ فائنل کا دن میرے کے لئے کافی اسپیشل ہے، کھلاڑی کچھ خاص کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں۔


انہوں نے مزید کہا کہ لارڈز میں اپنے لوگوں کو فائنل جیت کر خاص تحفہ دینا چاہتے ہیں۔ ہمیں ہوم ایڈوانٹیج ہے اور 27 سال بعد لارڈز میں فائنل کھیل رہے ہیں، ٹورنامنٹ کافائنل جیتنے کے لئے پرعزم ہیں۔ ہمیں اس ٹورنامنٹ میں اپنے لوگوں کی جانب سے زبردست سپورٹ ملی ہے، اسی سپورٹ کے تحت عالمی چیمپئن بننا چاہتے ہیں۔لارڈز میں ہائی اسکورنگ میچ نہیں ہوتے، اس لئے ہائی اسکورنگ میچ کی توقع نہیں ہے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی اس معرکہ کے لئے تیار ہے، کیوی کرکٹرز نے بھی فیصلہ کن مقابلے سے قبل لارڈز میں بھرپور پریکٹس کی۔

کیوی کپتان کین ویلمسن کا کہنا تھا کہ نتیجے کے دباؤ سے آزاد ہوکر مثبت کرکٹ کھیلیں گے، مجھے ورلڈ کپ میں ٹیم کی پرفارمنس پر فخر ہے۔


انہوں نے کہا کہ ہمارے کے لئے خوش آئند بات یہ بھی ہے کہ ہمیں ملک کے علاوہ دیگر ملکوں کے تماشائیوں سے بھی اچھی سپورٹ مل رہی ہے جس پر پلیئرز کافی خوش ہیں۔ کارکردگی دکھانا ہمارے ہاتھ میں ہے، بہترین کارکردگی دکھانے اور سو فیصد کارکردگی کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

لارڈز پر ورلڈ کپ فائنل کے لئے نئی پچ پر مقابلہ ہوگا، ماہرین کے مطابق اس وکٹ پر 275 رنز کا ٹوٹل قابل دفاع ہوسکتا ہے۔

ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو چالیس لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی۔ لارڈز میں فائنل کے ساتھ ہی آئی سی سی ورلڈ کپ کا میلہ اپنے اختتام کو پہنچے گا۔ فائنل ہارنے والی ٹیم بیس لاکھ ڈالرزکی حقدار ہوگی۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ نیوزی لینڈ نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 18 رنز سے ہرایا تھا۔

آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے لئے دس ملین ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہوا ہے۔ سیمی فائنل ہارنے والی بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں کو 8، 8 لاکھ ڈالرز دیئے گئے ہیں جبکہ ہر ٹیم کو لیگ میچ جیتنے پر چالیس ہزار ڈالرز ملے ہیں۔

پاکستان ٹیم نے پانچ گروپ میچوں میں کامیابی حاصل کی اس لئے پاکستانی ٹیم کو دو لاکھ ڈالرز ملے ہیں۔ پاکستان سمیت چھ ٹیموں نے لیگ مرحلے کے بعد واپسی کا ٹکٹ کٹوایا ہے۔ ان ٹیموں کو مزید ایک ایک لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

تازہ ترین