تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: پریسا
آرایش:بیوٹی لاؤنج بائے رباب حفیظ
عکّاسی: عرفان نجمی
لے آؤٹ: نوید رشید
اللہ اللہ کرکے گرمی کا زور کچھ ٹوٹا ہے، ورنہ تو ہفتہ، دس دِن قبل یوں لگ رہا تھا، جیسے گرمی اور حبس سے جان ہی نکل جائے گی۔ ویسے موسمیاتی تبدیلیوں پر نظر رکھنے والی سیٹلائٹ ایجینسی کی ایک رپورٹ کے مطابق اِمسال جون دُنیا بَھر میں آج تک کا گرم ترین مہینہ ثابت ہوا ہے۔ بہرحال، جب شدید گرمی کے بعد اچانک ہی موسم سہانا ہونے لگے، تو صرف آس پاس کا منظرہی نہیں، مَن نگر بھی باغ و بہار سا ہوجاتا ہے۔ پھر چاہے بادلوں سے برسات برسے، نہ برسے اِک طمانیت و سرشاری سی ضرور محسوس ہوتی ہے۔ اور جب اندر، باہر سب اچھا ہو تو اچھا نظر آنے کو تودِل چاہتا ہی ہے۔ تو لیجیے، اس بار بزم میں ایسے ہی کچھ حسین و دِل کش سے پہناووں کا انتخاب پیشِ خدمت ہے کہ جنہیں اپنا کر آپ اچھی نہ لگیں، ممکن ہی نہیں۔
ذرا دیکھیے، بےبی پنک رنگ میںڈبل لیئر فرنٹ اوپن ایمبرائڈرڈ قمیص، ٹراؤزر اور شیفون دوپٹا کس قدر حسین لگ رہا ہے۔ قمیص کا اِنر پلین، جب کہ فرنٹ اوپن اَپر میسوری فیبرک میں ہے، جس پر زری، دھاگے کے ساتھ ستاروں کا کام نمایاں ہے۔
راسلک ٹراؤزر کے باٹم پر آرگنزا کٹ ورک اچھا لگ رہا ہے، تو دوپٹے کے پلّوؤں پر خُوب صُورت لیس کی آرایش کے ساتھ جھلملاتے ستارے بھی خُوب جچ رہے ہیں۔ گہرے پیلے رنگ میں فلورل پرنٹڈ قمیص، دوپٹے کے ساتھ پلین ٹراؤزر خُوب میل کھا رہا ہے، تو گہرے زرد اور سیاہ کے سدابہار امتزاج میں اسٹائلش ٹاپ کے ساتھ سادہ اسکرٹ کے بھی کیا ہی کہنے۔ پھر سیاہ رنگ کپری کے ساتھ سُرخ ائیرلائن شرٹ ہے، جس کے بوٹ نیک گلے پر ستاروں کے ساتھ شیشہ ورک خوش گوار تاثر دے رہا ہے، تو کیژول سی اسٹرائپڈ جینز اور لیونڈر رنگ شرٹ بھی موسم کی مناسبت سے ایک عمدہ انتخاب ہے۔