• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملاکنڈ تھری بجلی گھرکے ملازمین نے غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کی دھمکی دیدی

پشاور ( وقائع نگار) ملاکنڈ تھری ہائیڈرو پراجیکٹ جوکہ ماہانہ حکومت کو اربوں روپے منافع دے رہا ہے محنت کشوں کیلئے سروس سٹرکچر سمیت واپڈا ملازمین کی طرح مراعات کا اعلان کیا جائے‘ بصورت دیگر محنت کش غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ملاکنڈ تھری ورکرز یونین درگئی کے صدر نے اپنے زیر صدارت منعقدہ ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری منصف شاہ کے علاوہ دیگر عہدیداروں اور ورکروں نے شرکت کی جنرل سیکرٹری مصنف شاہ نے واضح کیا کہ 2008ء سے تاحال محنت کش ٹھیکیدار نظام کے تحت فرائض منصبی انجام دے رہے ہیں۔ہم بھی اسی ملک کے باشندے ہیں ہم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور دیگر اعلیٰ حکام سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ ملاکنڈ تھری ہائیڈرو پراجیکٹ کے230محنت کشوں کو ریگولر کرکے ان کیلئے سروس سٹرکچر اور جاب سیکورٹی سمیت ملک بھر کے دیگر واپڈا ملازمین کی طرح مراعات کا اعلان کیا جائے۔ واضح رہے کہ ملاکنڈ تھری پراجیکٹ کے محنت کش حکومت کو ماہانہ اربوں روپے منافع دے رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی بنیادی سہولیات میڈیکل الاونس‘ ہائوس رینٹ سمیت دیگر مراعات سے محروم ہے جوکہ حکومت وقت کیلئے لمحہ فکریہ ہے واضح رہے کہ ٹھیکیداری نظام سے ملاکنڈ تھری ہائیڈرو پراجیکٹ کی کارکردگی بھی بری طرح سے متاثر ہورہی ہے۔
تازہ ترین