• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلہاڑی سے زخمی کرنیوالے ناخلف بیٹے کو ماں نے بچا لیا

لاہور کے علاقے شاہدرہ میں ناخلف بیٹے نے ماں کو کلہاڑی کے وار کر کے زخمی کر دیا، خاتون کا سر پھٹ گیا، ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی، لیکن ماں کی ممتا سب چیزوں پر بازی لے گئی، جس نے پولیس کی منتیں کر کے بیٹے کو رہا کرا لیا۔

ماں اور اس کی ممتا کا کوئی ثانی نہیں، اولاد جیسا بھی سلوک کرے ممتا سب پر حاوی ہو جاتی ہے، ایک ایسا ہی واقعہ لاہور کے علاقے شاہدرہ میں پیش آیا ہے۔

ناخلف بیٹے ممتاز خان نے ماں سے پیسے مانگے، گھروں میں کام کاج کر کے گزارا کرنے والی ماں نے پیسے دینے سے انکار کر دیا، جس پر ناہنجار بیٹا طیش میں آگیا اور اس نے اس ماں پر کلہاڑی اٹھا لی جس کے پیروں تلے جنت ہے۔

ضعیف ماں کا سر پھٹ گیا اور ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی، محلے داروں کی اطلاع پر ڈولفن پولیس کے اہلکار پہنچے، جنہوں نے بیٹے کو حراست میں لے لیا، طبی امداد ملنے کے بعد ہوش میں آتے ہی ماں نے پہلے بیٹے ہی کو پکارا۔

ماں کی ممتا یہ برداشت نہ کر سکی کہ اس کا بیٹا حوالات چلا جائے، بوڑھی ماں بیٹے کی رہائی کے لیے پولیس اہلکاروں کی منتیں کرتی رہی۔

پولیس کے مطابق خاتون نے بیٹے کے خلاف قانونی کارروائی سے بھی انکار کر دیا، ماں کو چین تب آیا جب اس کے ناخلف بیٹے کو رہا کر دیا گیا۔

تازہ ترین