• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران نے ایندھن اسمگل کرنے والا غیرملکی ٹینکر پکڑلیا

تہران (جنگ نیوز )ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب نے خلیج عرب میں گذشتہ اتوار کو ایک غیر ملکی آئل ٹینکرکو اس کے عملہ کے بارہ ارکان سمیت پکڑ لیا ہے۔ دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی بحریہ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک غیر ملکی آئل ٹینکر کے ٹیکنیکی طور پر ناکارہ ہو جانے کے بعد مرمت کے لیے اس کی مدد کی ہے۔ایرانی میڈیا نے پاسداران انقلاب کی اس کارروائی کی جمعرات کو اطلاع دی ہے اور کہا ہے کہ اس پر اسمگل شدہ ایندھن لدا ہوا تھا۔ایرانی ٹی وی نے پاسداران انقلاب کے ایک بیان کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ اس غیرملکی آئل ٹینکر پر 10 لاکھ لیٹراسمگل شدہ تیل لدا ہوا تھا اوراس کو ایران کی آبی حدود میں خلیج عرب میں پکڑا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اس ٹینکر پر عملہ کے بارہ ارکان سوار تھے۔اس پر 20لاکھ لیٹر تک تیل لادا جاسکتا تھا۔اس پرایرانی اسمگلروں کی کشتیوں سے ایندھن لادا جارہا تھا اور اس کو پھرغیرملکی جہازوں پر لادا جانا تھا۔برطانوی دفترخارجہ نے کا کہنا ہے کہ وہ اس جہاز کو پکڑے جانے سے متعلق مزید اطلاعات کا منتظر ہے۔
تازہ ترین