• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2افراد سمندرمیں ڈوب کر،دیگرواقعات میں5جاں بحق، 2زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر )ہاکس بے کے ساحل پر نہاتے ہو ئے ایک ہی خاندان کے 3افراد ڈوب گئے ،امدادی ٹیموں نے2افراد کی لاشیں اور ایک شخص کو بے ہوشی کی حالت میں نکال لیا ،دیگر واقعات میں 5 افراد جاں بحق 2زخمی ہوگئے،تفصیلات کے مطابق ماڑی پور تھانے کی حدود ہاکس بے مچھلی چوک ٹرٹل بیچ ہٹ نمبر A18کے قریب اتوار کی صبح سمندر میں نہاتے ہو ئے 3افراد ڈوب گئے جس کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد 2افراد کی لاشیں اور ایک شخص کو بے ہوشی کی حالت میں نکال کر سول اسپتال منتقل کیا، پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں متوفین کی شناخت 25سالہ عبدالباسط ولد عبدالرحیم اور 35سالہ عرفان ولد محمد علی کے نام سے ہو ئی جبکہ بے ہوش شخص کی شناخت 18سالہ حماد ولد عبدالغفار کے نام سے کی گئی ،پولیس نے مزید بتایا کہ متوفین سعید آباد کے علاقے بلدیہ ٹائون کے رہائشی اور ایک خاندان سے تعلق رکھتے تھے جو کہ اتوار کی صبح اپنے خاندان کے ہمراہ پکنک منانےآئے تھے،علاوہ ازیں سہراب گوٹھ کے علاقےسجن کانٹا کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 20سالہ ایشوا اور 26سالہ اسٹیفن شدید زخمی ہو گئے ،جن کو فوری طور پر عباسی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر دونوں نے دم توڑ دیا ،قیوم آباد چورنگی پر تیز رفتاری کے باعث بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں دب کر 30سالہ عمراعجاز موقع پر جاں بحق ہو گیا،ڈاکس کے علاقے ویسٹ ہارف فشری کے قریب کنٹینر کے اوپر سوئے ہو ئے شخص پر لوڈر نے مزید ایک کنٹینر رکھ دیا جس کے نتیجے میں 30سالہ عمران دب کر موقع پر جاں بحق ہو گیا ،سعید آباد کے علاقے مواچھ گوٹھ نزد حب ریور روڈپر تیز رفتار ٹریلر نے موٹرسائیکل سوار افراد کو ٹکر ماردی ، حادثے کا ذمہ دار ٹریلر چھوڑ کر فرار ہوگیا ، زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں 28سالہ محمد سفیان دم توڑ گیا جبکہ 18سالہ اجمل غوث اور22سالہ نور محمد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

تازہ ترین