• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حنیف محمد کو ریٹائر منٹ پر مجبور کیا گیا،وزیر محمد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق ٹیسٹ کرکٹر وزیر محمد ، لٹل ماسٹر حنیف محمد، مشتاق محمد اور صادق محمد کے بڑے بھائی ہیں۔غیر ملکی ویب سائٹ کو انٹر ویو میں ان کا کہنا ہے کہ 1969 میں جب نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان آئی تو میں سلیکٹر تھا۔ عبدالحفیظ کاردار میرے پاس آئے اور کہا کہ آپ حنیف محمد سے کہیں کہ وہ ریٹائر ہو جائیں کیونکہ اگر ہم نے انھیں ریٹائر کیا تو یہ اچھی بات نہیں ہو گی۔میں نے حنیف محمد سے کہا کہ مجھے افسوس کے ساتھ آپ کو بتانا پڑ رہا ہے لیکن آپ کو ریٹائر کرنے کے لیے کہا جا رہا ہے۔حنیف محمد کو ریٹائر منٹ پر مجبور کیا گیا تھا۔وزیر محمد نے کہا کہ ہماری والدہ کرکٹ کی بہت شوقین تھیں اور جب وہ ریڈیو پر کمنٹری سنا کرتی تھیں تو کسی کو ان کے کمرے میں جا کر بات کرنے کی اجازت نہیں ہوتی تھی۔وہ ہم بھائیوں کے میچ دیکھنے نیشنل ا سٹیڈیم میں نہیں آتی تھیں لیکن ایک دن ہم انھیں مجبور کر کے اسٹیڈیم میں لے آئے لیکن ہمیں کیا پتا تھا کہ قائد اعظم ٹرافی کے اس میچ میں ہم تینوں بھائی صفر پر آؤٹ ہو جائیں گے۔یہ دیکھ کر وہ غصے میں آ گئیں اور کہنے لگیں کہ کیا یہ دکھانے کے لیے تم لوگ مجھے ا سٹیڈیم لائے تھے۔
تازہ ترین