• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی کے مختلف شعبوں کی معاونت کرتے رہیں گے، چیئرمین سپارکو

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئر مین سپارکو میجر جنرل عامر ندیم نے کہاہے ریسرچ ورک انتہائی اہمیت کا حامل اور ناگزیر ہوتاہے، مجھے امید ہے کہ نئی تنصیب شدہ ٹیلی اسکوپ کے ذریعے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس اینڈ پلینٹری اسٹروفزکس(اسپا) میں ریسرچ کے معیارکو مزید بہتر اور عصر حاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق بنایاجاسکے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی کی پہاڑی پر قائم فلکیاتی مشاہدات وتجربات کی رصدگاہ کی سپارکو کی جانب سے تزئین وآرائش اور 16 انچ کی میڈ ٹیلی اسکوپ نصب کرنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میجرجنرل عامرندیم نے مزید کہا کہ سپارکو جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات بالخصوص اسپا کی مددکرتارہے گاتاکہ اسپیس سائنسز اور اسپیس پروگرام میں نمایاں مقام حاصل کیا جاسکے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس اینڈ پلینٹری اسٹروفزکس(اسپا) اور سپارکو مل کر اسپیس سائنس کی تعلیم کے فروغ کے لئے کام کررہے ہیں ، اسپیس ریسرچ میں ہونے والی ڈیولپمنٹ کی وجہ سے انسانی زندگیوں میں بہت ساری تبدیلیاں رونماہوئیں ہیں جس میں لانگ ڈسٹنس ریلائی ایبل کمیونیکشن ،ریموٹ سنسنگ آف ارتھ ریسورسز اینڈ انوائرمنٹ اور دیگر شامل ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس اینڈ پلینٹری اینڈ اسٹروفزکس اسپیس سائنس کی تدریس کے ساتھ ساتھ تحقیق میں بھی نمایاں کردار اداکررہاہے۔ میڈ ٹیلی اسکوپ اسپا کے طلبہ اور اساتذہ کے عملی مشاہدات میں بہت معاون ثابت ہوگا۔ انسٹی ٹیوٹ آفس اسپیس اینڈ پلینٹری اینڈ اسٹروفزکس جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا کہ سپارکو کے سا تھ کئے گئے ایک مفاہمتی یادداشت کے نتیجے میں آج یہ ٹیلی اسکوپ نصب کی گئی ہے۔

تازہ ترین