کراچی (اسٹاف رپورٹر) انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے تحت انڈس ا سپتال کورنگی میں بائیوسیفٹی لیول III لیبارٹری کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاح صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کیا۔ اس موقع پر انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے چیف ایگزیگیٹیو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان ،ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر سیمول اشرف،بورڈ کے اراکین ،اساتذہ ودیگر بھی موجود تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ اس لیبارٹری کا شمار پاکستان کی بہترین اور جدید لیبارٹریز میں ہوتا ہے جس میں کام کرنے والے افراد تجربہ کار ہونے کے علاوہ ٹی بی کی تشخیص اور بائیو سیفٹی کے حوالے سے بہترین تربیت کے حامل ہیں ۔ ڈاکٹر عبدالباری خان نے کہا کہ ملٹی ڈرگ ریزسٹنٹ ٹی بی کے حوالے سے پاکستان دنیا میں پانچویں نمبر پر آتا ہے اور ہر سال 27ہزار افراد اس کا شکار ہوتے ہیں اس مسئلے کے سدباب کے لئے 2007میں انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے تحت کمیونٹی بیسڈ پائلٹ پروگرام کا آغاز کیا گیاجس سے فائدہ ہوا اب اس لیبارٹری سے بھی عوام مستفیض ہوںگے۔