• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل: پاکستانی کھلاڑیوں کو معاوضہ روپے میں ادا کرنے کی تجویز

پاکستان سپر لیگ کی میٹنگ میں فرنچائز نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ڈالرز کے بجائے پاکستانی کرنسی میں معاوضوں کی ادائیگی کرنے کی تجویز دی۔

فرنچائز نے حیرت انگیز انکشاف کیا ہے کہ موجودہ مالی ماڈل حقائق پر مبنی نہیں ہے۔ پیسوں کے بے دریغ استعمال سے فرنچائز پر مالی بوجھ بڑھ رہا ہے اس میں پچاس فیصد تک کمی کی جائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کو تنبیہہ کی گئی ہے کہ فرنچائز کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لئے کھلاڑیوں کے معاوضوں میں کمی کی جائے کیوں کہ انڈین پریمیئر لیگ کے بعد پاکستان سپر لیگ میں سب سے زیادہ معاوضے دیئے جاتے ہیں۔

پی سی بی کا ورکنگ گروپ ان تجاویز پر غور کرے گا۔ پی ایس ایل فائیو کا آغاز 20 فروری سے ہوگا اور فائنل 22 مارچ کو کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس وقت یورپی لیگ میں دنیا کے سارے بڑے کھلاڑی کھیل رہے ہیں انہیں ساڑھے چھ لاکھ ڈالرز ادا کئے جاتے ہیں جبکہ پی ایس ایل میں ایک اعشاریہ چار ملین ڈالرز کی رقم کھلاڑیوں کو دی جاتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان لانے کے لئے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔ غیر ملکی آزاد کنسلٹنٹ کے لئے آئی سی سی کے سابق سی ای او ہارون لوگارٹ اور انگلش بورڈ کے جائیلز کلارک کے نام زیر غور آئے ہیں جو غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان لانے کے لئے قائل کریں گے۔

پی ایس ایل میچز کے حوالے سےپشاور کے نام پر اتفاق نہیں ہوسکا۔ ملتان کی ٹیم اپنے تمام میچ ملتان میں اور اسلام آباد پنڈی میں کھیلے گی۔کوئٹہ کے میچ دیگر شہروں میں کرانے کی تجویز ہے۔

تازہ ترین