• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کراچی: شہری اداروں کی کارکردگی جانچنے کیلئے مشق

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے کمشنر کراچی، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈکراس اور جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اشتراک سے ایک مشق کا انعقاد کیا، جس کا مقصد کسی بڑے حادثے کی صورت میں شہر ی اداروں کی کارکردگی کو جانچنا تھا۔


اس مشق کو وائے ایم سی اے گراؤنڈ میں صبح سویرے کیا گیا، جس میں عمارت زمین بوس ہونے کی صورت میں 80سے زائد افراد کے دبنے کا اعلان کیا گیا، شہر کی تمام ایمرجنسی سروسز کو بلایا گیا اور کمشنر کراچی کے آفس کو کنٹرول روم کی حیثیت دی گئی۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے طلبا نے متاثرین اور ان کے لواحقین کا کردار ادا کیا۔

اس موقع پر پولیس، فائربریگیڈ اور ٹریفک پولیس اپنا کردار ادا کرنے کے لئے موجود تھی۔ ایدھی، چھیپا اور امن فاؤنڈیشن ایمبولینس سروسز اپنا کردار ادا کرتے ہوئے مریضوں کو اسپتال پہنچانے میں مصروف تھیں۔

زخمیوں کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو ایکسیڈنٹ اینڈ ٹراما سینٹر، سول اور جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں لے جایا گیا۔

جناح اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں اسٹاف نے لواحقین کی موجودگی میں متاثرین کو ابتدائی طبی امداد دینے کی مشق کی۔ یہ مشق جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے اپنا انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے ایک پرا جیکٹ کا حصہ ہے، جس کا عنوان ’’شہروں میں حادثوں سے نمٹنے کی گنجائش کو جانچنا‘‘ ہے۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع نے کہا کہ یہ پراجیکٹ معاشرے کے مسائل کا حل نکالنے میں مددگار ثابت ہوگا جو کہ یونیورسٹی کے مشن کا حصہ ہے۔

کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے شرکاء کو سراہتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں اس درجے کی مشق پہلی دفعہ ہوئی ہے، جس میں اتنے ادارے اور اسپتال بھی شامل تھے۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی پرو وائس چانسلر اور اپنا انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی ڈین پروفیسر لبنیٰ انصاری بیگ نے اس موقع پر کہا کہ اس پراجیکٹ کا مقصد ترقی پذیر ممالک میں  شہروں  میں ہونے والے حادثات کی صورت میں فوری امداد پہنچانے کے طریقہ کار کو بہتر بنانا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے کمشنر کراچی کا تمام تر سہولیات مہیا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے ڈاکٹر جنید رزاق نے بتایا کہ یہ مشق اداروں کے کام کرنے کے طریقہ کار اور درکار وقت کو بہتر بنانے کے لئے کی گئی ہے۔

اس موقع پر ریڈکراس کے ڈاکٹر میر واعظ، ڈاکٹر بوب میلونی، ڈاکٹر گائیکولے، ڈاکٹر اسورو، ڈاکٹر کریگ ٹاور، ڈاکٹر سید مہدی رضا رضوی اور داکٹر ایڈسو نے مشق کی کامیابی پر تمام آرگنائزرز اور شرکاء کو سراہا۔

تازہ ترین
تازہ ترین