• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بقرعید کے اس پرُمسرت موقع پر ہم آپ کو گوشت کے مزیدار پکوان کی تراکیب بتارہے ہیں ۔انہیں آزما کر خود بھی مزے سے کھائیں اور دوسروں کو بھی کھلائیں۔

ملائی کوفتے گریوی

اجزا: قیمہ ایک کلو ،پیاز آدھاکلو (باریک چوپ کرلیں )،ہری مرچیں چھ سے سات عدد (باریک چوپ کر لیں )،ہرا دھنیا آدھی گٹھی،پسا ہو اگرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ ،خشخاش ایک چائے کا چمچہ ، چنےپھنے ہوئے ایک کھانے کا چمچہ ،ملائی تین کھانے کے چمچے، نمک حسبِ ذائقہ ۔

گریوی کے لیے: پیاز دوعدد (سلائس کی شکل میں کاٹ لیں)، پسی ہوئی لال مرچ دو کھانے کے چمچے ،پسا ہوا دھنیا ایک کھا نے کا چمچہ ، ہلدی پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ ،ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ،دہی آدھا کپ ،نمک حسب ذائقہ،تیل حسبِ ضرورت

ترکیب :سب سے پہلے مشین میں قیمہ ،آدھی پیاز ،ہری مرچیں ،ہر ادھنیا ،گرم مسالہ ،خشخاش ،بھنے ہوئےچنے اور نمک ڈال کر باریک پیس لیں ۔ اسے ایک کھلے منہ کے پیالے میں نکال کر ملائی ڈال کر ملائیں پھر اس کے چھوٹے بڑے جیسے چاہیں کوفتے بنالیں ۔ایک دیگچی میں تیل گرم کریں۔اس میں بچی ہوئی پیاز ڈال کر سنہری تل لیں اسے پلیٹ میں نکال کر دہی کے ساتھ مشین میں پیس لیں ۔ تیل میں دہی اور پیاز کا آمیزہ ڈال کر پانچ منٹ تک پکائیں، پھر اس میں لال مرچ ،دھنیا ،ہلدی،ادرک ،لہسن کا پیسٹ اور نمک ڈال کر بھون لیں اب اس میں کوفتے شامل کر کے دم پر رکھ دیں ۔نان یا چپاتی سے کھائیں ۔

مٹن کلیجی

اجزاء: کلیجی آدھا کلو، میدہ ایک کھانے کا چمچہ،تیل ایک سے دو کپ، نمک حسب ذائقہ، لال مرچ پائوڈر ایک چائے کا چمچہ، ہلدی پائوڈر ایک سے دو چائے کےچمچے، دھنیا پائوڈر ایک چائے کا چمچہ،دہی ایک سے دو کپ، ٹماٹو پیسٹ دو کھانے کے چمچے،پیاز ایک کپ (باریک چوپ کر لیں)۔لہسن کا پیسٹ ۱ یک کھانے کا چمچہ، ادرک کاپیسٹ ایک چائے کا چمچہ، لونگ چار عدد، ثابت کالی مرچیں چھ عدد، دار چینی ایک درمیانہ ٹکڑا، چھوٹی الائچی تین عدد، پسا ہوا دھنیا ایک سے دو کپ (چوپ کرلیں)۔ہری مرچیںتین عدد، گرم مسالہ پائوڈر ایک سے دو چائے کے چمچے۔

ترکیب: فرائی پین میں تیل گرم کر یں۔کلیجی صاف کر کے میدہ لگائیں اور گرم تیل میں تل لیں ۔تیل گرم کر کے پیاز سرخ تل لیں۔اب ا س میں لونگ، کالی مرچیں، دار چینی،الائچی، لہسن، ادرک کاپیسٹ، کلیجی، نمک لال مرچ پائوڈر، ہلدی پائوڈر اور دھنیا پائوڈر ڈال کر بھونیں ، بعد ازاں حسب ِضرورت پانی ڈال کرڈھانپ دیں اور ڈھک کر درمیانی آنچ پر اتنی دیر تک پکائیں کہ کلیجی گل جائے ا س کے بعد دہی، ٹماٹو پیسٹ ملا کر کلیجی میں ڈال کر مزید بھونیں۔ آخر میں ہرا دھنیا ، ہری مرچیں ، گرم مسالہ پائوڈر ڈال کر نان کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔

چانپ بریانی

اجزاء: مٹن چانپیں ایک کلو، باسمتی چاول ایک کلو ، قیمہ ایک کپ، ٹماٹر چار عدد بلینڈ کیے ہوئے، ابلے ہوئے ٹماٹر چار عدد، پیاز تین عدد، ہری مرچ حسب ذائقہ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ، ادرک لہسن دو دو کھانے کے چمچے، دہی ایک کپ، کلونجی آدھا چائے کا چمچہ، الائچی دو عدد، دارچینی دو کھانے کے چمچے، گھی ، یخنی اور لیمن کلر حسب ضرورت۔

ترکیب: ایک دیگچی میں گھی گرم کر کے پیاز سنہری تل کر پلیٹ میں نکال لیں۔اب تیل میں آدھے قیمے میں ادرک، لہسن، زیرہ، الائچی اور دار چینی ڈال کر اچھی طرح فرائی کرلیں، ساتھ ہی دہی اور ٹماٹر شامل کر کےتل لیں، بعدازاں ہری مرچیں،چاول اورپانی ڈال کر ابال آنے دیں۔ ایک دیگچی میں چاول کی تہہ بچھائیں، پھر قیمہ، تلی ہوئی پیاز ، ادرک، لہسن اور نمک ڈال کر تہہ بچھائیں ۔ چانپ پہلے سے اُبال لیں اور گرم گھی میں تل لیں۔اس کی بھی تہہ لگا کر دم دے دیں۔ گرم گرم بریانی تیار ہے۔

بیف چلی

اجزاء: گائے کے گوشت کےپتلے پارچے آدھا کلو، کٹا ہوا لہسن دو کھانے کے چمچے، سویا سوس دو کھانے کے چمچے، کارن فلور ایک چائے کا چمچہ، ہری مرچ پسی ہوئی ایک پیالی یا حسبِ ذائقہ، برائون شوگر ایک چائے کا چمچہ، نمک حسب ضرورت، تیل دو کھانے کے چمچے۔

ترکیب: ایک پین میں تیل گرم کرکے لہسن اور گوشت ڈال کر دھیمی آنچ پر تل لیں۔چند منٹ کے بعد سویا سوس اور برائون شوگر، نمک اورکارن فلور شامل کر کے پکائیں۔ گوشت نرم ہو جائے اور پانی خشک ہو جائے تو ہری مرچیں شامل کر کے اچھی طرح مکس کر لیں اور ابلے ہوئے چاولوں کے ساتھ کھائیں ۔

جھٹ پٹ مٹن کڑاہی

اجزاء: گوشت ایک کلو، کچا پپیتاپسا ہو اایک کھانے کا چمچہ، لال مرچ پائوڈر ایک کھانے کا چمچہ، پیاز دو عدد(سلائس کاٹ لیں)، لہسن ادرک کاپیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، ٹماٹر تین عدد(چوپ کر لیں) ، زیرہ (کٹا ہوا) ایک چائے کا چمچہ، ہری مرچیں سجاوٹ کے لئے، نمک حسب ذائقہ، تیل ایک سے دو کپ۔

ترکیب: پیالے میں گوشت، کچا پپیتا ، نمک ، لال مرچ پائوڈر ، ٹماٹر، لہسن، ادرک کا پیسٹ، کٹا ہوا زیرہ، کٹا ہوا دھنیا، گرم مسالہ اور لیموں کا رس ڈال کر یک جاکر کے ایک گھنٹے کے لئے رکھ دیں۔ دیگچی میں تیل گرم کر کے پیاز تل لیں۔ سنہری ہو جائے تو گوشت ڈال کر ملائیں اور ڈھانپ کر درمیانی آنچ پر پکائیں۔پانی خشک ہو جائے تو دھیمی آنچ پر بھون لیں۔ تیل الگ ہونے لگے تو ہری مرچیں ڈال کر چولہے سے اتار لیں۔ ڈش میں ڈال کر پیش کریں۔

قورمہ روغن جوش

اجزاء: گوشت ایک کلو، ادرک، لہسن کاپیسٹ ایک سے دوکھانے کے چمچے، ثابت گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ، پیاز دو عدد (سلائس کی ہوئی)، سبز الائچی تین عدد، نمک حسب ذائقہ، لال مرچ پائوڈر ایک چائے کا چمچہ، گھی ایک کپ، دہی ایک کپ (پھینٹ لیں)

ترکیب: دیگچی میں گھی گرم کریں۔ کڑکڑاتے گھی میں تیز آنچ پر پیاز تلیںاور گوشت ڈال کر بھونیں، بعد ازاں لال مرچ پائوڈر، لہسن، ادرک کا پیسٹ، الائچی، ثابت گرم مسالہ، نمک اور دہی ڈال کر بھونیں۔ دہی کا پانی خشک ہو جائے تو گوشت گلانے کے لئے پانی ڈال دیں۔ہلکی آنچ پر ڈھانپ کر پکائیں۔گوشت گل جائے اور گھی الگ ہو جائے تو بھون کر ایک کپ پانی شامل کر دیں۔حسب خواہش شوربہ رکھیں ڈش میں نکال کر نان کے ساتھ کھائیں۔

بیف اسٹک کباب

اجزاء: قیمہ آدھاکلو، نمک حسب ذائقہ، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ، زیرہ ایک چائے کا چمچہ، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ، گرم مسالہ پائوڈر ایک سے دو چائے کا چمچہ، لال مرچ (کٹی ہوئی) ایک سے دو چائے کا چمچہ، پیاز ایک عدد (باریک چوپ کر لیں)، انڈ اایک عدد، کار ن فلور ایک عدد، ثابت دھنیا(کٹا ہوا) ایک چائے کا چمچہ، ہری مرچ (کٹی ہوئی) ایک کھانے کا چمچہ، ہرا دھنیا(چوپ کرلیں) ایک سے دو کپ تیل، لکڑی کی اسٹک حسبِ ضرورت۔

ترکیب: قیمے کو چوپر میں پیس لیں۔ نمک، لہسن، ادرک پیسٹ، زیرہ، گرم مسالہ پائوڈر، کٹی لال مرچ، پیاز، انڈا، کارن فلور، کٹا ہوادھنیا،کٹی ہوئی ہری مرچ اور ہرا دھنیا ڈال کر اچھی طرح مکس کر کے تھوڑی دیر فریج میں رکھ دیں۔کباب بنا کر گرم تیل میں تلیں۔اب اسے لکڑی کی اسٹک میں لگا کر پلیٹ میں رکھیں۔ سلاد، چٹنی اور کیچپ کے ساتھ پیش کریں۔

مٹن دہی کڑاہی

اجزاء: مٹن ایک کلو، دہی ایک پائو، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ، تیل ایک کپ، سرخ مرچ(کٹی ہوئی) دو چائے کے چمچے، ہلدی پائوڈر ایک سے دو چائے کے چمچے، نمک حسبِ ذائقہ، دھنیا پائوڈر تین چائے کے چمچے،زیرہ پائوڈر ایک چائے کا چمچہ،ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی) چار عدد، ہرا دھنیا حسب ضرورت۔

ترکیب: کڑاہی میں تیل گرم کرکے گوشت تل لیں۔اس میں سرخ مرچ، نمک، ہلدی اور ہرا دھنیا شامل کردیں،چند منٹ بھوننےکے بعد دہی پھینٹ کر ملائیں ساتھ ہی دھنیا پائوڈر بھی شامل کردیں اوردو گلاس پانی ڈال کر گوشت ڈالیں،پانی خشک ہو جائے اورگوشت گل جائے تو ہری مرچ اور زیرہ پائوڈر ملا کر پانچ منٹ تک بھونیں۔ تیل اوپر آنے لگے تو چولہا بندکر دیں۔مزیدار مٹن دہی کڑاہی تیار ہے۔

تازہ ترین