• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی ترقی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا‘ فیض محمد

پشاور (لیڈی رپورٹر) پاکستان کے 72ویں یوم آزادی کے موقع پر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ سرحد چیمبر کے صدر فیض محمد فیضی نے سرحد چیمبر ہائوس میں قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر شرکا نے چیمبر ہائوس میں جشن آزادی کی تقریب کے موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ پاکستان کی سلامتی‘ امن و امان کے قیام اور ملک کی معاشی ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر صدر فیض محمد فیضی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور بھارت کے ظالمانہ اقدام کی مذمت کی اور پاکستان کے 72 ویں جشن آزادی کو کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منانے پر پوری قوم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی‘ استحکام اور امن و امان کے قیام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کے فرمودات پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لاکر کھڑا کریں گے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو تلقین کی کہ وہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے یکسو ہوکر محنت کریں اور اپنے ملک کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کریں۔
تازہ ترین