• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد: سول سوسائٹی اور مختلف تنظیموں کی احتجاجی ریلی

بھارتی یوم آزادی پر منائے جانے والے یوم سیاہ کی مناسبت سے اسلام آباد کے ریڈ زون میں واقع دفتر خارجہ کے باہر سول سوسائٹی اور مختلف تنظیموں کی جانب سے زبردست احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

سول سوسائٹی کی یکجہتی کشمیر ریلی فارن آفس سے شروع ہو کر ڈپلومیٹک انکلیو کے داخلی راستے پر ختم ہوئی۔

پی ٹی آئی رہنماء اسد عمر نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ بھارتی اقدام پر پاکستان کے22 کروڑ عوام اور افواج خاموش نہیں رہیں گی۔

یوم سیاہ پر یکجہتی کشمیر ریلی میں سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی اور کشمیر پر غاصبانہ بھارتی قبضے کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔

ریلی ڈپلومیٹک انکلیو کے فارن آفس والے داخلی دروازے کے سامنے پہنچ کر جلسے میں تبدیل ہو گئی جہاں بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کا پتلا بھی نذرآتش کیا گیا۔

تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو جنگ سے بچانے کیلئے پاکستان سلامتی کونسل میں گیا ہے۔ دنیا کو بتادینا چاہتے ہیں کہ بھارتی قبضے پر پاکستانی عوام اور افواج خامو ش نہیں رہیں گی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے افتخار درانی کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔

بعد میں مظاہرین نے کشمیر پر اقوام متحدہ مبصرمشن کے حکام کو بھارت کی بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کیخلاف یادداشت پیش کی ۔ سوئٹ ہومز کے بچوں اور جماعت اسلامی کی خواتین نے بھی ریلی میں شرکت کی۔

تازہ ترین