• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی سفارتخانہ دی ہیگ کے سامنے احتجاجی ریلی کا انعقاد

دی ہیگ (نمائندہ جنگ) کشمیر پیس فورم ہالینڈ نے بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر یوم سیاہ کی مناسبت سے عالمی عدالت ہیگ سے بھارتی سفارتخانہ تک احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا، ریلی کی قیادت راجہ زیب خان، راجہ فاروق حیدر اور راجہ قمرزیب خان نے کی جبکہ بلجیم سے کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے بھی قافلے کے ساتھ شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے، بینرزاٹھائے ہوئے تھے، شرکاء میں خواتین اور بچوں کی بھی کثیر تعداد موجود تھی۔ مظاہرین دی ہیگ کی مختلف شاہراہوں سے نعرے بازی کرتے گزر کر بھارتی سفارتخانہ دی ہیگ پہنچے اور مظاہرہ جلسہ عام کی شکل اختیار کرگیا۔ اس جلسہ کی نظامت راجہ فاروق حیدر جنرل سیکرٹری کشمیر پیس فورم ہالینڈ نے کی، اس موقع پر علی رضا سید چیئرمین کشمیر کونسل یورپ، خالد احمد جوشی، علامہ افتخار احمد چشتی، مولانا سید افتخار حسین شاہ، ابن علی، بطیحہ خان صدر کشمیر پیس فورم شعبہ خواتین، آغا محسن، رضا قزلباش، جاوید عظیمی، راجہ قمر زیب اور سکھ کمیونٹی کے رہنمائوں نے خطاب کیا۔ بعدازاں کشمیر پیس فورم نیدرلینڈ کے صدر راجہ زیب خان نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ مظاہرے میں بلجیم اور ہالینڈ کے تمام شہروں سے کشمیریوں اور پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین کئی گھنٹے عالمی عدالت انصاف اوربھارتی سفارتخانے کے سامنے بھارتی ظلم و ستم بربریت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔
تازہ ترین