• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمسن ریحان کی ہلاکت، محرکات کا جائزہ لے رہے ہیں، رینجرز

ترجمان سندھ رینجرز نے کہا ہے کہ 17 اگست کو پاکستان رینجرز سندھ کی ہیلپ لائن پر اطلاع موصول ہوئی کہ بہادر آباد کے علاقے کوکن سوسائٹی میں شہری ایک 15سال کے لڑکے کو چوری کے شبے میں پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

اطلاع موصول ہوتے ہی پاکستان رینجرز سندھ کی ٹیم موقع پر پہنچی جہاں پر لڑکا ریحان بے ہوشی کی حالت میں تھا۔ پاکستان رینجرز سندھ کی ٹیم نے پولیس کے ساتھ ریحان نامی لڑکے کی جان بچانے کے لیے فوراً جناح اسپتال منتقل کیا مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ جاں بحق ہو گیا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے گھر کے مالک دانیال اور ساتھی زبیر کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا جن کی نشاندہی پر مزید تین ملزمان سعود ذکی، انس نذیر اور شارق انیس کو بھی گرفتار کر لیاگیا ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری کی جانب سے دی گئی ہدایات کے پیشِ نظر اس قتل کے محرکات کا جائزہ لیتے ہوئے مقدمہ کی پیروی کی جا رہی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے اس بات کو یقینی بنایاجائے گا کہ اس قتل میں ملوث ملزمان کو قانون کے دائرہ میں لاتے ہوئے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ 

تازہ ترین