• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مدرسہ قاسم العلوم کے زیراہتمام سیرت النبیؐ کانفرنس یکم ستمبرکو ہوگی

برمنگھم (نمائندہ جنگ) مدرسہ قاسم العلوم برمنگھم کے زیراہتمام جامع مسجد علیؓ اہل سنت والجماعت آسٹن چرچ روڈ سالٹلے برمنگھم 8میں یکم ستمبر بروز اتوار کو منعقد ہونے والی 29ویں سالانہ سیرت النبیؐ کانفرنس کے سلسلہ میں علمائے کرام، کمیونٹی رہنمائوں اور مساجد ذمہ داروں کا خصوصی اجلاس زیرصدارت ڈاکٹر اخترالزماں غوری اور زیرسرپرستی مولانا قاری تصورالحق مدنی ہوا۔ کارروائی کا آغاز حافظ عثمان ذوالنورین نے تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے کیا۔ منتظم اعلیٰ سیرت کانفرنس مولانا قاری تصورالحق مدنی نے کانفرنس کے اب تک کے انتظامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کا انعقاد محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلہ میں ہے اور کانفرنس کے ذریعہ عوام میں بھی اس جذبہ کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خوش قسمتی ہے کہ اندرون ملک اور بیرون ملک سے عالمی شہرت رکھنے والے علمائے کرام، قراء حضرات اور ثنا خواں مصطفیؐ بھاری تعداد میں شریک ہورہے ہیں۔ کانفرنس میں مردوں کے ساتھ ہی خواتین کی شرکت کا پورا پورا انتظام ہے جبکہ تمام شرکاء کیلئے ساڑھے 12بجے سے 4بجے تک کھانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ملک بھر کی مساجد کو اشتہارات ارسال کردیئے گئے ہیں جبکہ اسی ہفتہ خصوصی افراد کو دعوت نامے بھی ارسال کردیئے جائیں گے۔ صدر اجلاس نے کانفرنس کو زیادہ سے زیادہ موثر بنانے کیلئے درکار بعض اقدامات کی نشاندہی کی اور کہا کہ تمام لوگوں کو پوری تندہی سے کانفرنس کو کامیاب بنانے کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لانی ہونگی۔ مولانا صاحبزادہ امدادالحسن نعمانی نے بیرونی مہمانوں کو زیادہ سے زیادہ وقت دینے کی رائے دی جسکی تائید بیشتر شرکاء نے کی۔ مولانا طارق مسعود نے کانفرنس کو بڑے پیمانہ پر انعقاد کو تاریخی فیصلہ قرار دیا۔ مولانا اخلاص الرحمٰن اور مولانا عبدالحفیظ نے مسجد علیؓ کو اہل حق کا مرکز قرار دیا اور عوام کو اس سے جڑے رہنے کی تلقین کی۔ علامہ اکرام الحق خیری اور مفتی محمود الحسن نے بھی شرکاء کی متعدد تجاویز کو سراہا اور بھرپور تائید کی۔ اجلاس سے مولانا صاحبزادہ عمران الحق، مولانا قاری حق نواز حقانی، مفتی جاوید اقبال، وقار شاہ، حسنات شیخ، آصف عبدالسلام، برادر اکرم شیرازی، راجہ ذوالقرنین، عبدالغفار بھٹی، لالہ محفوظ الرحمٰن، مولانا عمر رئوف، کمیونٹی رہنما چوہدری شاہ نواز، شاہد فضل الرحمٰن قریشی اور دیگر کمیونٹی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ شرکاء اجلاس میں صحابزادہ حافظ عدیل تصور ایڈووکیٹ، وقاص گجر، عمران قاضی، عدنان غوری، زبیر فاروقی، مولوی تصور حسین، عالم خان، حافظ عمران کے علاوہ لوگوں کی بھاری تعداد شریک ہوئی۔ کانفرنس یکم ستمبر کو ظہر تا عصر مسجد علی برمنگھم میں ہوگی۔
تازہ ترین