• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے انسانیت کا جنازہ نکال دیا، عوامی ورکرز پارٹی

مانچسٹر (پ ر) بھارتی حکومت نے انسانیت اور سیکولر ازم کا جنازہ نکال دیا۔ سامراجی ممالک پاکستان اور انڈیا میں جنگ کا ماحول بنانے سے باز آئیں، مودی حکومت آرٹیکل370کو بحال کرکے فوجی دستے کشمیر سے واپس بلائے۔ مذہبی جنونیت اور کشمیر کو روندنے کی روش برصغیر کو جہنم بنادے گی۔ عوامی ورکرز پارٹی نارتھ برطانیہ کا مانچسٹر میں اجلاس اور تقریب سے پارٹی کے سینئر نائب صدر احمد نظامی، پرویز فتح، شاہین بٹ، تنویر خان، احمر رضوی، شکیل قمر، محمد ضمیر بٹ، باقر نقوی، نعیم احمد، فاروق نظر، اویس احمد اور طلعت گوندل کا خطاب۔ مقررین نے مودی سرکار کی جانب سے آئین کے آرٹیکل370کے تحت کشمیر کی خودمختار حیثیت کے خاتمہ، بڑی تعداد میں فوج کی تعیناتی، کرفیو، پکڑ دھکڑ، تشدد، مقدمات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے بھارتی عوام اور حزب اختلاف کی جماعتوں سے بھرپور مزاحمت کی اپیل کی ہے۔ سامراجی طاقتیں بالخصوص امریکی سامراج پاکستان، انڈیا کے درمیانی محدود جنگ کی فضا پیدا کرکے اسلحہ بیچنے میں مصروف ہے۔ انسانیت کی اس سے زیادہ تذلیل اور کیا ہوگی کہ عالمی طاقتیں جنگی جنون کو ہوا دے رہی ہیں اور خطے میں ایک نئے کھیل کی تیاری میں مصروف ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں وحشیانہ تشدد اور قتل و غارت کو رکوائیں اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انڈیا پاکستان کے درمیان خدانخواستہ جنگ چھڑ گئی تو خطہ اپنے ہی عوام کے لئے جہنم بن جائے گا اور آنے والی نسلوں کا مستقبل تاریک ہوجائے گا۔ انہوں نے کشمیر کی تقسیم کے فارمولوں کی بھی بھرپور مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ کشمیر کے مسئلہ کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔ کشمیر صرف اور صرف کشمیری عوام کا ہے اور اس کے مستقبل کا فیصلہ بھی انہیں ہی کرنا ہے۔ مقررین نے کہا کہ بارڈر کے دونوں طرف کے عوام غربت، جہالت، بیروزگاری کا شکار ہیں اور تعلیم و صحت جیسی نعمتوں سے محروم ہیں۔ 99فیصد آبادی کو کبھی مذہب کی آڑ میں اور کبھی حب الوطنی کی آڑ میں بے وقوف بنایا جاتا ہے۔ ان ہی سے ووٹ لے کر ان ہی کے حقوق سلب کئے جاتے ہیں اور ان کا وحشیانہ استحصال کیا جاتا ہے۔ دونوں ملکوں کے وسائل کو غریب شہریوں کی زندگی بدلنے اور ان کو سہولیات فراہم کرنے اور ان کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کی بجائے اسلحہ کے انبار لگانے اور اپنی ہی تباہی کا سامان پیدا کرنے پر خرچ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ مسئلوں کا حل نہیں ہے، بلکہ مسائل کو گمبھیر بنادیتی ہے۔
تازہ ترین