• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برمنگھم میں تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص ہلاک، 4زخمی

لندن (نیوز ڈیسک) برمنگھم میں ایک37سالہ شخص تیز دھار آلے کے وار سے ہلاک اور4افراد زخمی ہوگئے۔ قتل کا سبب پاکستان میں موجود زمین پر خاندانی تنازع لگتا ہے۔ یہ واقعہ اسپارک ہل میں ولٹن روڈ پر ہوا۔ پولیس نے موقع پر جاکر ایک35سالہ شخص کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اس جھگڑے میں تین مزید افراد بھی زخمی ہوئے، مگر ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس نے قتل کے الزام میں تفتیش کے لئے ایک32سالہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔ فرنزک ٹیم نے جائے وقوع کی تصاویر لے لی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس وقوعہ میں موجود لوگ ایک دوسرے کے شناسا تھے۔ قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ ملک سے باہر کسی جائیداد کے تنازع پر ہنگامہ آرائی ہوئی ہے۔ سراغ رساں انسپکٹر نک بارنس کا کہنا تھا کہ ہمیں لگتا ہے ہنگامہ کرنے والے افراد ایک دوسرے کی جان پہچان کے تھے، فی الحال ہمارا شک کسی بیرون شخص کی طرف نہیں جارہا، قتل کی انکوائری جاری ہے۔واضح رہے کہ اسی سال12جولائی کو اسپارک ہل میں حسین نامی شخص پر دوبار چاقو سے حملہ ہوا جبکہ رواں سال میں برمنگھم میں23افراد قتل ہوچکے ہیں۔
تازہ ترین