• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حالات بہتر ہوئے ہیں، ثمرات عام لوگوں تک پہنچنے چاہئیں، مشیر خزانہ

اسلام آباد (مہتاب حیدر) وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے بین الاقوامی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتیں گرنے کا فائدہ عوام تک پہنچانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس بارے میں فوری ریلیف کے لئے جلد فیصلہ سازی کو عمل میں لائے گی۔ تاہم یہ نہیں معلوم کہ آئی ایم ایف کی کڑی جانچ پڑتال یہ گنجائش کیونکر نکالی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں شرکت کے بعد ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اپنے وڈیو بیان میں کہا کہ اقتصادی احیاء کے لئے مرتب روڈ میپ پر عملدرآمد کے لئے ہفتہ وار بنیاد پر وزیراعظم کے ساتھ اجلاس ہوں گے، کاروبار پر سبسڈی دی جائی گی ، برنس کمیونٹی پر زیادہ ٹیکسوں سے گریز کیا جائے گا ۔ مشیر خزانہ کی سربراہی میں پوری اقتصادی ٹیم نے وزیراعظم سے گھنٹوں طویل ملاقات کی۔ جس میں اقتصادی احیاء کے لئے مجوزہ منصوبے نمایاں خطوط پر تبادلۂ خیال ہوا تا کہ سست رفتار اقتصادی سرگرمیوں کو تیز کیا جا سکے۔ اقتصادی ٹیم میں وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیر اقتصادی امور حماد اظہر، وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق دائود اور دیگر شامل ہیں۔ ہفتہ کو اجلاس کے حوالے سے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے بتایا کہ حکومت کے مدنظر تین سے چار بنیادی اہداف ہیں۔ جس میں اوّل مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور بجٹ مختص کرنا تا کہ وہ عام آدمی کو فائدہ پہنچا سکیں۔ معاشرے کے غریب طبقات کو سہولتیں بہم پہنچانے کے لئے 192 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ بجلی پر 262 ارب روپے کی سبسڈی بھی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹاک مارکیٹ میں 9 فیصد بہتری آ گئی ہے۔ کرنٹ اکائونٹ خسارے میں نمایاں کمی واقع ہوئی جو 2018ء میں دو ارب 10 کروڑ ڈالرز سے کم ہو کر 60 کروڑ ڈالرز پر آ گیا ہے۔ 

تازہ ترین