• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رواں سال تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی اداکارہ مہوش حیات کا نام عالمی تبدیلی کیلئے کوشاں خواتین کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگیا ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 26 اگست کے روز خواتین کی برابری کا دن منایا جاتا ہے، اس حوالے سے بین الاقوامی میگزین نے خواتین کی معاشرے میں کاوشوں کے تناظر میں ایک مضمون شائع کیا ہے جس میں دنیا بھر سے مختلف پانچ اُن خواتین کے نام شامل کئے گئے جو دوسری خواتین کیلئے مشعل راہ بن رہی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی میگزین دی مسلم وائبز نے خواتین کے حقوق کیلئے سرگرم دنیا بھر کی پانچ مسلم خواتین کی فہرست جاری کی جنہوں نے مشکلات کے باوجود دوسری خواتین کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی۔

بین الاقوامی میگزین نے مہوش حیات کو دنیا کی پانچ متاثرکُن مسلم خواتین میں اس وجہ سے شامل کیا کیونکہ مہوش اداکاری کے علاوہ سماجی کاموں میں بھی پیش پیش رہتی ہیں اور وہ اپنی مختلف سرگرمیوں اور انسانیت پسندی کے ذریعے بھی دنیا بھر میں خوب نام کما رہی ہیں اور مسلمانوں کا ایک مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کررہی ہیں۔

مہوش حیات متاثرکُن خواتین میں شامل 


مہوش حیات نےاس اعزاز پربین الاقوامی میگزین دی مسلم وائبز کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ عالمی میگزین مسلم وائب نے دنیا بھر سے ایسی خواتین کی فہرست کے لیے میرا انتخاب کیا جو روایتی سوچ کو ختم اور دنیا تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

دی مسلم وائبز کی جاری کردہ فہرست میں پہلے نمبر پر مصری ایتھلیٹ منال رستم ہیں۔

دوسرے نمبر پر صومالی نژاد امریکی کانگریس رہنما الہان عمر، تیسرے نمبر پر مہوش حیات چوتھے نمبر پر امریکی سیاسی کارکن لنڈا سرسور اور امریکی نژاد اولمپیئن ابتہاج محمد نامی خاتون پانچویں پوزیشن لینے میں کامیاب رہیں ۔

تازہ ترین