وفاقی وزیرِ دفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر قبضے کا بھارتی حکمرانوں کا خواب کبھی بھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہو گا۔
نوشہرہ میں پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنوں سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ ہے۔
پرویز خٹک نے مزید کہا کہ بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت مسلمانوں کے خلاف انتہا پسندی پر اتر آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت خطے میں امن کے لیے بہت بڑا خطرہ بن چکا ہے۔
وزیرِ دفاع نے اپیل کی کہ اقوامِ متحدہ اور عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیں۔