• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

گگلی کا جادوگر، ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر انتقال کر گئے

گگلی کا جادوگر، ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر انتقال کر گئے


لاہور(نمائندہ جنگ)اسپن باؤلنگ کے جادوگر، گگلی کے موجد سابق ٹیسٹ کرکٹرعبدالقادر 63سال کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے جمعہ کو لاہور میں انتقال کر گئے۔عبدالقادر کے بیٹے سلمان قادر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ والدعبدالقادر کو دل کا دورہ پڑنے پر لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔عظیم لیگ سپنر عبدالقادر کے انتقال سے کرکٹ حلقوں میں فضا سوگوار ہوگئی۔ وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت عارف علوی ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارچیئرمین پی سی بی احسان مانی، چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان، سعید غنی، مدثر نذر، بھارتی آف سپنر ہربھجن سنگھ، شعیب ملک، وسیم اکرم، اظہر محمود، وہاب ریاض،معین خان اور پاکستان سمیت دنیا بھر سے کرکٹرز نے عبدالقادر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ عبدالقادر کی وفات سے پاکستان ایک عظیم کرکٹر سے محروم ہو گیا، اللہ مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کو صبر عطا کرے۔

عبدالقادر کے چار بچے رحمان قادر، عمران قادر، سلیمان قادر اور عثمان قادر ہیں۔عبدالقادر کے امریکہ مقیم بیٹے عمران قادر آج سہ پہر 4بجے امریکہ سے اسلام آباد پہنچیں گے جس کے بعد عبدالقادر کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے وقت کا اعلان کیا جائیگا۔جبکہ عبدالقادر کے کرکٹ کھیلنے آسٹریلیا گئے بیٹے سلمان قادر گزشتہ روز ہی وطن واپس پہنچ گئے تھے۔پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں 15ستمبر 1955ء کو پیدا ہونےوالے عبدالقادر نے 14دسمبر 1977ء کو انگلینڈ کے خلاف لاہور میں ہی ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف برمنگھم میں 11جون1983ءکو ڈیبیو کیا تھا۔ عظیم لیگ سپنرنے 67ٹیسٹ اور 104ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور بالترتیب 236اور 132وکٹیں حاصل کیں۔

عبدالقادر وزیراعظم عمران خان کے بے تکلف دوستوں میں سے ایک تھے اور دور جدید میں اس فن کو زندہ کرنے میں ان کی بائولنگ نے اہم کردار ادا کیا۔سابق لیگ سپنر کو گگلی کا موجد اور اپنے دور میں خطرناک باؤلر تصور کیا جاتا تھا۔ کرکٹ کے حلقوں میں ’باؤ‘ کے نام سے شہرت رکھنے والےعبدالقادرنے عمران خان سمیت دیگر کھلاڑیوں کی قیادت میں پاکستان کو متعدد مرتبہ کامیابیاں بھی دلائیں۔ عبدالقادر قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر بھی رہے اور لاہور میں کرکٹ اکیڈمی چلاتے تھے۔عظیم لیگ سپنر نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ لاہور میں دسمبر 1990میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا۔ اسی طرح آخری ایک روزہ میچ 2نومبر 1993ء کو سری لنکا کے خلاف شارجہ میں کھیلا۔کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عبدالقادر اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی انتقال کرچکے تھے۔

تازہ ترین