• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کی تعمیر یا ترئینِ نوکے دوران کھڑکیوں کے اچھوتے اسٹائل اور ڈیزائن کا انتخاب بہت معنی رکھتا ہے۔ یہ نہ صرف آپ کے گھر کو ایک منفرد طرز فراہم کرتی ہیں بلکہ گھر میں دھوپ اور ہوا کے گزر کا بھی ذریعہ بنتی ہیں۔ کھڑکیاں ایسی نصب کروانی چاہئیں جس سے سردی میں ٹھنڈ اور موسم گرما میں تپش اندر نہ آئے۔ اس کے علاوہ اگر آپ کے گھر کی کھڑکیو ں کے پٹ، شیشوں یا کیسنگ میں دراڑیں پڑرہی ہوں یا جن دیواروں میں کھڑکیاں نصب ہوں، ان کا سیمنٹ اتر رہا ہو اور اس کی سیل میں خلا پید اہو رہاہوتو ایسے میں آپ کو اپنے گھر کی کھڑکیاں بدل دینی چاہئیں۔ اب سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ کس قسم کی کھڑکی لگانی چاہیے کیونکہ اس کے بےشما ر اسٹائل اور ڈیزائن مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ ان میں سے چند ایک کا ذکر ہم ذیل میں کر رہے ہیں۔

سنگل ہنگ ونڈو

سنگل ہنگ ونڈو (Single hung window)ڈیزائن کلاسک اور بہت زیادہ مستعمل ہے۔ عمودی لگے دو پٹ میں نچلا پٹ آزاد ہوتا ہے، یہ اندر کی طرف کھلتاہے اور چھوٹے گھروںکیلئے بہترین ہے۔ایسے گھر جو روڈ فیسنگ پر ہوں تو ان کیلئے یہ بہت کارآمد ہے اور بآسانی نصب ہو جاتی ہے۔یہ زیادہ مہنگی بھی نہیں ہوتی اور کسی بھی ڈیزائن کے ساتھ میچ کرجاتی ہے۔ سنگل ہنگ ونڈو انرجی ایفیشنٹ ہے یعنی اس میں حرارت کا نقصان کم ہوتاہے، البتہ اسے باہر سے صاف کرنا پڑتاہے اور اس میں وینٹی لیشن محدود ہوتی ہے۔

ڈبل ہنگ ونڈو

ڈبل ہنگ ونڈو(Double hung window) کھڑکی کے دونو ں پٹ کھلتے ہیں۔ استعمال میں آسانی کی وجہ سے یہ کافی مقبول ہے اور زیادہ مہنگی بھی نہیں ہوتی۔ یہ کھڑکی ہر قسم کے آرکیٹیکچرل ڈیزائن کے ساتھ میل کھاجاتی ہے، اس سے وینٹی لیشن بھی زیادہ ہو تی ہے۔ ساتھ ہی یہ انرجی ایفیشنٹ ہوتی ہے۔

ٹو پینل سلائیڈر

ٹو پینل سلائیڈر (Two panel slider)کھڑکی کے دونوں پینل سلائیڈ کرتے ہیں۔ ہمارے ہاں عموماً اپارٹمنٹس میں یہ بہت زیادہ استعما ل ہوتی ہے۔ یہ آپ کی جیب کی دسترس میں ہونے کے علاوہ نصب کرنےمیں آسان ہوتی ہے۔ اس کی دیکھ بھال میں زیادہ مسئلہ نہیں ہوتا۔ تنگ جگہوں کیلئے یہ آئیڈیل ہے کیونکہ اس کے پٹ اندر یا باہر نہیں کھلتے ۔ یہ پائیدار واور دیرپاہےمگر چونکہ یہ کھڑکیاں اندر باہر نہیں کھلتیں اس لیے ان کو صاف کرنا تھوڑا مشکل ہوتاہے۔

تھری پینل سلائیڈر

تھری پینل سلائیڈر (Three panel slider)، جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ اس میں تین پینل لگے ہوتے ہیں ۔ یہ ٹوپینل سے زیادہ چوڑی ہوتی ہے اور باہر کا نظارہ زیادہ سے زیادہ نظر آتاہے۔ ا س ڈیزائن میں درمیان والا پینل فکسڈ ہوتا ہے جبکہ ارد گرد کے دونوں پینلز سلائیڈ کرکے اس کے پیچھے چلے جاتے ہیں۔ اس کی خوبیاں اور خامیاں ٹو پینل ونڈو کی طرح ہی ہیں یعنی یہ بھی پائیدار، مینٹیننس میںکم اور آپ کے بجٹ میں آجاتی ہے لیکن اس کی صفائی تھوڑی مشکل ہوتی ہے۔

پکچر ونڈو

پکچر ونڈو(Picture window) کھڑکی کی ایک منفرد قسم ہے ۔ جیسے ایک بڑی تصویر لگائی جاتی ہے ویسے ہی اسے لگایا جاتاہے۔ اس کھڑکی میں لگے شیشے سے باہر کا منظر صاف دکھائی دیتاہے اور لگتاہے جیسے کوئی تصویر آپ کے سامنے ہو۔ اس قسم کی ونڈو آپ کو بہت کم نظر آتی ہے۔ یہ بھی آپ کے بجٹ میں آنے والی، مینٹیننس اور نصب کرنے میں آسان ہوتی ہے۔ اس پر کسی قسم کے پردےیا بلائنڈز ڈالنے کی ضرروت نہیں ہوتی۔ ہوا کی آمد ورفت نہ ہو نا اس کی سب سے بڑی خامی ہے۔

ہوپر

روشن دان کی طرح اس کھڑکی کاپینل اوپر سے نیچے اندر کی طرف کھلتا ہے۔ تنگ جگہوں کیلئے یہ موزوں ہے کیونکہ اسے کھولنا اور بند کرناآسان ہوتاہے۔ یہ انرجی ایفیشنٹ ہے اور حرارت کی بہترین موصل ہے۔ اسے نصب کرنا اور مینٹین رکھنا آسان ہوتاہے۔ اس کھڑکی سے پانی اندر آسکتاہے جبکہ پرائیویسی محدود ہو جاتی ہے۔

پٹ والی کھڑکی یا کیسمنٹ

یہ کھڑکی بھی ہوپر کی طرح ہوتی ہےلیکن اس کا پٹ اوپر کے بجائے سائیڈ سے کھلتاہے۔ یہ بہت زیادہ عام ہے اور ہوسکتاہے کہ آپ کے گھرمیں بھی لگی ہو۔ یہ ڈبل پٹ والی بھی ہوتی ہے، اسے اندر یا باہر کھولا جاسکتاہے۔ یہ ہوا کی آمد ورفت کیلئے یہ بہترین ہے۔ ایسی کھڑکیاں نصب کرنے، دیکھ بھال اور صاف کرنے میں آسان ہوتی ہیں۔ اس کے کئی ڈیزائین، سائز اور مٹیریل مارکیٹ میں دستیاب ہیں، لیکن یہ زیادہ محفوظ نہیں ہوتی۔

بے ونڈو

یہ باہر کی طرف نکلی ہوئی کھڑکی ہوتی ہے، جس سے کمرے میں مزید گنجائش پیدا ہو جاتی ہے۔ زیادہ تر یہ ہشت پہلو (Hexagonal) ہوتی ہے۔ یہ کمرے کو خوبصورتی بخشتی اور باہر کا دلفریب نظارہ سامنے لاتی ہیں۔ باہر سے دیکھنے پر بھی یہ آپ کے مکان کو دلکش بناتی ہے۔ اس کو تبدیل کرنا اور مینٹین رکھنا مہنگا پڑتاہے۔

بو ونڈو

بے کھڑکی کی طرح بو ونڈو بھی ہشت پہلو ہوتی ہے لیکن ا س میں کناروں کے بجائے قوس کی شکل سامنے آتی ہے، یعنی یہ کمان کی طرح گولائی میں ہوتی ہے۔ قوس شکل جیسی ہونے کی وجہ سے یہ بے ونڈو سے بڑی ہوتی ہے۔ یہ کھڑکیوں میں ایک منفرد اور دلکش ڈیزائن ہےاور باہر کا وسیع نظارہ پیش کرتی اور کمرے کو وسعت فراہم کرتی ہے۔ مہنگی ہونے کے علاوہ اس کی صفائی آسان نہیں ہوتی ۔ 

تازہ ترین