• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردو سمیت دنیا کی کسی بھی زبان کے لئے گرامر بنیادی حیثیت رکھتی ہے، جو آپ کو الفاظ سے جملے بنانےکے بارے میں معلومات مہیا کرتی ہےکہ کیسے سادہ وپیچیدہ، سوالیہ ونفی جملے ترتیب پاتے ہیں۔ انگریزی زبان کی بات کریں تو پہلے ’اجزائے کلام‘ (Parts of Speech)سے تعارف ہوتا ہے، پھر حالت فاعلی (Active Voice)، حالت مفعولی (Passive Voice)اور واسطہ وبالواسطہ گفتگو (Direct & Indirect Narration)کے اصول وضوابط پر دھیان دیتے ہوئے ذخیرہ الفاظ، محاوروں، کہاوتوں اور استعاروں کے تاحیات مطالعے کے سفر پر نکلنا پڑتا ہے۔’آج کا دن‘، ’آج کا جملہ‘ اور ’آج کا کلام‘ جیسی روز مرہ سرگرمیوں سے ذخیرہ الفاظ میں اضافہ کرتے ہوئے آپ مانوس ہوتے چلے جاتے ہیں۔

انگریزی کو اس وقت عالمی زبان کا درجہ حاصل ہے۔ بین الاقوامی اہمیت کے پیش نظر پاکستان سمیت دنیا بھر میں انگریزی کی حیثیت مسلم ہو چکی ہے۔ ہمارے نظام تعلیم میں پرائمری سے ہی انگریزی متعارف کروائی جاتی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ اب اردو اور انگریزی قواعد ونحو کو کھیل کھیل میں سیکھنا پہلے سے کہیں زیادہ ممکن ہو گیا ہے۔ ایسی کئی ایپس موجود ہیں، جو دونوں زبانوں بالخصوص انگریزی کی تفہیم میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ لرننگ ایپس کے آنے سے اب دنیا کی ہر زبان کو آن لائن سیکھنا آسان ہو گیا ہے۔ انگریزی سے واقفیت کے لئے انگلش گرامر کی ایک کائنات کھلی ہے۔ اب صرف آپ کی توجہ، دلچسپی، شوق اور جنون و محبت درکار ہے۔ انگریزی سے اردو اور اردو سے انگریزی نیز انگریزی سے انگریزی میں لرننگ ایپس گوگل سرچ کے ایک فاصلے پر ہیں۔ روزانہ انگریزی زبان کے صرف ایک لفظ کو اپنے مکمل مفاہیم کے ساتھ پڑھ کر ذہنی نقشہ بنائیں۔ لفظ کے جملے میںاستعمال کو بغور پڑھیں اور مشق کریں۔

گرامر کو تفریح بنانیوالے کھیل

دنیا کا کوئی بھی کام اس وقت تک مشکل ہوتا ہے جب تک اس میں آپ کو دلچسپی، تفریح اور ہنسنے ہنسانے کا موقع نہ ملے۔ طالب علموں کو گرامر نصاب کا سب سے خوفناک مضمون اس لئے لگتا ہے کہ اساتذہ روایتی طریقے سے گرامر پڑھاتے ہوئے تفریح کا کوئی پہلو تلاش نہیں کرتے۔ اساتذہ کو طالب علموںسے دوستانہ رویہ رکھتے ہوئے گرامر کی سنجیدگی کو مسکراہٹ اور تفریحی سرگرمیوں میں بدلنا چاہیے۔ کلاس فیلوز بھی مل جل کر یہ تفریح کر سکتے ہیں۔

Ball toss

اجزائے کلام (Parts of Speech) ، ہم معنی الفاظ (Synonyms) اور ضدین الفاظ (antonyms)یاد کرنے کیلئے گول دائرے میں بیٹھ جائیں (اگر دو لوگ ہیں تو آمنے سامنے)۔ ’’جزو کلام‘‘ کا نام لینے کے بعد ہر طالب علم اس کی مثال دے یا ایک لفظ کہے۔ اسی طرح ہر ایک طالب علم ہم معنی ومتضاد الفاظ کے بارے میں بتاتا جائے۔ اس مشق کے دوران سب کے ہاتھ میں بال ہونی چاہئے، جسے وہ ساتھ والے طالب علم کو دے اور گیند ہاتھ میں آتے ہی وہ دوسرا ہم معنی لفظ بتائے۔ اس کے بعد ’’اسم خاص‘‘ (Abstract Noun) کی کیٹیگری بنا کر اسم خاص میں شمار ہونے والے الفاظ کے لئے ایک دوسرے کو چیلنج دیں۔ اساتذہ بال پاس کرنے کی یہ گیم کلاس روم میں کرواکر گرامر کے مضمون کو ایک دلچسپ تفریح بنا سکتے ہیں۔

Parts of Speech Bowling

پلاسٹک کی آٹھ سے دس چھوٹی بوتلیں جمع کر کے انہیں پانی یا کسی بھی چیز سے بھر دیں۔ ہر ایک پر’’ پارٹس آف اسپیچ‘‘لکھ کر انہیں وکٹ کے پیٹرن میں سیٹ کرکے ٹینس با ل سے گرائیں۔ جیسے ہی طالب علم بوتل گرائے تو اسم (Noun) اور فعل (Verb)کی مثال جملے میں بتائے۔ پارٹس آف اسپیچ بائولنگ گیم کو دلچسپ بنانے کے لئے انڈور گیم کے طور پر’’ٹورنامنٹس‘‘ بھی کئے جائیں۔

Twenty Questions

طالب علموں کا گروپ بناکر بوجھو تو جانیں کھیل کھیلیں کہ جو لفظ سوچا گیا ہے،اسے بیس سوالات میں بوجھنا ہے۔کسی زمانے میں ’’کسوٹی‘‘ پروگرام ہوا کرتا تھا جہاں مشکل سے مشکل شخصیت ، جگہ اور واقعہ کو عبیداللہ بیگ اور قریش پور چٹکیوں میں بتا دیتے تھے۔ ہاں اور نہیں پر سوال پوچھے جاتے کہ آپ کی شخضیت کا تعلق اس دور سے اس دور تک ہے۔

Hot Potato

اس میں طالب علم دائرے میں کھڑے ہوجائیں، ہر ایک ٹینس بال دوسرے کو دے گا۔ ایک دوسرے سے پارٹ آف اسپیچ یا’’لفظ‘‘ کے بارے میں پوچھیں۔ ٹینس بال جیسے ہی دوسرے طالبعلم کے پا س آئے تو وہ مثال بتائے۔ سرکل میں نائون گیم ہے تو نائون ورڈز، ہم معنی وضدین الفاظ کا گیم ہے تو ا س کی مثالیں بناتے جائیں ۔جو مثال نہ دے پائے تو وہ گیم سے باہر ہوجائے۔ اس طرح جو آخری طالب علم بچے گا وہ فاتح کہلائے گا۔

بچے اپنےساتھی طالب علموں کے ساتھ فن گیم کے طور پر گرامر کو اپنی زندگی کی عادت اور معمول بنا کر دنیا کی کسی بھی زبان پر دسترس حاصل کرسکتے ہیں۔ بول چال کے لئےچاہے گرامر کے اصول لاگو نہ ہوں، آپ لاکھ غلطیاں کریں لیکن تحریر و تخلیق کے لیےہر لفظ سے والہانہ محبت، جملے میں استعمال کےنئے اسلوب اورلفظوں کی نفسیات جاننے کے لیے گرامر ضروری ہے۔ کھیل کھیل میں گرامر سیکھیں گے توفاعل و فعل اور مفعول کی ترتیب کبھی ذہن سے محو نہیں ہوگی۔

تازہ ترین