• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی اداروں کی ترقیاتی سکیموں کا کنٹرول بیوروکریسی کے سپرد

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت صوبے کے تمام بلدیاتی اداروں کی ترقیاتی سکیموں کا کنٹرول بیوروکریسی کو دے دیا گیاہے۔ ترقیاتی سکیموں پر لگی غیر تحریری پابندی اُٹھانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ بیوروکریسی کو حکومتی ارکان اسمبلی کی سکیموں کو 100 فیصد مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔جبکہ سابق لارڈ میئر لاہور کی ایک ارب 91 کروڑ کی تمام پرانی سکیموں کو ختم کر دیا گیا ہے۔میٹروپولیٹن کارپوریشن اور بلدیاتی اداروں کی ترقیاتی کاموں کے لئے پنجاب میونسپل سروس پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری بلدیات احمد جاوید قاضی نے منظوری دے کر مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ حکمران جماعت کے ارکان اسمبلی کے ذریعے نئی سکیمیں لینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اس ضمن میں ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ کوآرڈینیشن کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ڈی سی لاہورصالحہ سعید کو کنونیئر مقرر کر کے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی، کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کا نامزد نمائندہ کمیٹی کا ممبر ہوگا، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس کمیٹی کے سیکرٹری ہوں گے، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ممبر، ڈسٹرکٹ و میونسپل انفراسٹرکچر آفیسر اور ڈی سی لاہور کی طرف سے تجویز کردہ نمائندہ شامل ہے، کمیٹی ترقیاتی سکیمیں ڈی پی سی سی سے منظور کرائے گی۔ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ کوآرڈی نیشن کمیٹی کی منظوری کے بعدحتمی فیصلہ کمشنر لاہور ڈویثرن کریں گے، کمیٹی فنڈز کی یقین دہانی کے حوالے سے منظوری دے دی گئی ہے، میٹروپولیٹن کارپوریشن کے 3 ارب روپے کی ترقیاتی سکیموں کو ضلعی انتظامیہ سے کرانے کی پابند ہوگی۔
تازہ ترین