• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں مظالم، دنیا بھارت پر تجارتی و سفارتی پابندیاں عائد کرے، بیرسٹرسلطان محمود

ڈربی (آصف محمود براہٹلوی) عالمی برادری اپنا کردار ادا کرتے ہوئے بھارت پر تجارتی و سفارتی پابندیاں عائد کرکے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے جسکا وعدہ UNکی قراردادوں میں ہے۔ کرفیو کا خاتمہ کروا کر کشمیریوں کو بھارتی جبر کے تسلط سے آزاد کرائے وگرنہ کشمیریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا تو لائن آف کنٹرول (LOC) کو دیوار برلن کی طرح اپنے پائوں تلے روند ڈالیں گے۔ ان خیالات کا اظہار آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم و کشمیر تحریک انصاف کے صدر قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سابق صدر کشمیر پی ٹی آئی ڈربی چوہدری الطاف کی جانب سے یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پاکستانی کمیونٹی سنٹر میں منعقدہ بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری الطاف، چوہدری بشارت سلیم، چوہدری اشتیاق لہڑی، چوہدری شوکت فرید، چوہدری منیر، چوہدری محمد حسین، راجہ سفارت سمیت دیگر نے شرکت اور خطابات کئے۔ مفتی فضل احمد قادری، چوہدری شبیر کٹاریہ اور دیگر نے شرکت کی۔ سابق وزیراعظم و قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی، کرفیو کا خاتمہ کروا کر رائے شماری کی راہ ہموار کرے تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں عالمی امدادی اداروں کی رسائی اور انٹرنیشنل میڈیا کی رسائی عالمی برادری ممکن بنائے تاکہ کرفیو کے باعث اصل صورتحال سے عالمی برادری آگاہی حاصل کرسکے۔ دریں اثناء سابق وزیراعظم و قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، ڈربی کونسل ہائوس میں برطانوی اراکین پارلیمنٹ وارنر کوکر، لیلین گرین ووڈ، کرس نورس نے کشمیر تحریک انصاف برطانیہ کے چیف آرگنائزر بشارت سلیم کی جانب سے منعقدہ کشمیر سیمینار سے خطاب کیا۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ انٹراکشمیری ڈائیلاگ منعقد ہوں تاکہ دونوں اطراف کی کشمیری قیادت مل بیٹھ کر اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر سے نافذ کرفیو کے خاتمے میں کردار ادا کرے۔ کرس نورس نے کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہنگامی بنیادوں پر ریڈکراس سمیت دیگر امدادی ادارے متاثرین کی مدد کو یقینی بنائیں۔ لیلین ووڈ نے کہا کہ عالمی برادری بھارت سے تجارت سمیت UNمیں بھارت کی مستقل نشست کو مسئلہ کشمیر کے حل اور ہنگامی بنیادوں پر کرفیو کے اٹھانے اور حق خودارادیت سے مشروط کرے۔ MPوارنرکوکر نے کہا کہ تقریباً دو ماہ گزرنے کو ہیں مقبوضہ جموں و کشمیر ایک جیل کا منظر پیش کررہی ہے وہاں پر انسانیت سسک سسک کر مر رہی ہے۔ جنگی بنیادوں پر کرفیو کا خاتمہ کروا کر حق خودارادیت کا اہتمام کیا جائے تاکہ کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔ میزبان بشارت سلیم نے کہا کہ ہم ممبران آف پارلیمنٹ کے شکرگزار ہیں جنہوں نے قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے مختصر دورہ کے موقع پر کشمیر کی حمایت کو یقینی بنایا۔ نگہت خان نے کہا کہ ہم خواتین بھی جموں و کشمیر کی اس جدوجہد میں حتمی آزادی تک برابر کی شریک ہیں۔

تازہ ترین