• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کا سوالنامہ مل گیا، پڑھ کر مزہ آیا، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کا سوالنامہ مل گیا ہے، پڑھ کر مزہ آیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ان خیالات کا اظہار ضلع دادو سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر بندہ علی لغاری کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں چاہے جیل کے اندر ہوں یا باہر، وزیراعلیٰ سندھ وہی ہوگا جسے پیپلز پارٹی چاہے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ نیب سوالنامہ ملا ہے جس پڑھ کر مزہ آگیا، اس کا خاطر خواہ جواب دیاجائے گا، جیالے کیسز سے نہیں ڈرتے۔

انہوں نے بندہ علی لغاری کی پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد سندھ اسمبلی میں پی پی ارکان کی تعداد 100 ہوجائے گی۔

سید مراد علی شاہ نے نمرتا چندانی کیس پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ لواحقین نے اب تک ایف آئی آر درج نہیں کرائی تاہم پولیس اور انتظامیہ نے حقائق اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پی ایس 86 سے پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر ڈاکٹر بندہ علی لغاری نے اس موقع پر کہا کہ میرے دادا 77ء میں ایم این اے منتخب ہوئے، پیپلز پارٹی سے ہمارا تعلق کافی پرانا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت پر اعتماد کرتا ہوں۔

تازہ ترین