• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ سے امریکی وفد کی ملاقات


وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے امریکی کانگریس کے ارکان نے ملاقات کی ہے۔  وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں مراد علی شاہ نے امریکی وفد کو کالعدم تنظیموں کے خلاف صوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے امریکی کانگریس کے ارکان اور امریکی قونصل جنرل پر مشتمل وفد کو بتایا کہ سندھ حکومت دہشت گردی اور کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کے لئے پرعزم ہے۔ صوبے میں کالعدم تنظیموں کی ملکیت 65 جائیدادوں کو ضبط کیا گیا ہے اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے پر 47 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یو این ایس سی ایکٹ 1948 اور یو این ایس سی فریزنگ اینڈ سیزیور آرڈر 2019ء کے تحت جماعت الدعوٰۃ، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اور جیش محمد کی 59 اور تحریک طالبان افغانستان کی 6 املاک ضبط کی گئی ہیں۔

مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت نے غیر فعال 4693 نان پرافٹ آرگنائزیشنز کی رجسٹریشن منسوخ کی جبکہ مزید 2828 غیرفعال نان پرافٹ آرگنائزیشنز کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا عمل جاری ہے۔

اس کے علاوہ سندھ میں کالعدم تنظیموں سے تعلق پر 14 نان پرافٹ آرگنائزیشنز جبکہ دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزامات پر پانچ نان پرافٹ آرگنائزیشنز کے خلاف تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔

امریکی وفد نے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔

تازہ ترین