• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اٹلی کے شہر میلان کو شاید آپ فیشن یا فیشن ویک کے نام سے جانتے ہوں گے اور بلاشبہ یہ دنیا کے ان پانچ شہروں میں سے ایک ہے، جہاں سے فیشن اور آرٹ کےسرخاب اُڑکر دنیا کے کونے کونے میں پہنچتے ہیں۔ 

مگر ہم بات کریں گے یہاں کے آنکھوں کوخیرہ کرتے تعمیراتی شاہکاروں کی، جن کی ایک دنیا معترف ہے۔ سیاحت کے رسیا ہزاروں میلوں کا سفر طے کر کےجب میلان سدھارتے ہیں تو پرستانوں جیسے عجائب کو دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں۔ سب سے اہم بات، یہ لیونارڈو ڈونچی کا شہر ہے، جسے وہ اپنا گھر کہتاتھا۔

اطالوی زبان میں میلانو کہلایا جانے والا یہ اٹلی کا دوسرا بڑا شہر اور شمالی اٹلی کے علاقے لومباریہ کا صدر مقام ہے۔ اس شہر کی آبادی جولائی 2018ء میں تقریباً14لاکھ اور پورے صوبے میلان کی آبادی 38لاکھ کے لگ بھگ تھی۔آئیں اس کی چنیدہ شاہکار عمارتوں کا ذکر کرتے ہیں۔

 میلان کیتھڈرل

یہ اٹلی کا سب سے بڑا اور دنیا کا پانچوں بڑا چرچ ہے، جس کی تعمیر چھ صدیوں میں مکمل ہوئی۔ 34ہزار سے زائد مجسمے ایستادہ کرنے کی وجہ سے اس کی تعمیر میں اتنا طویل وقت لگا۔ اس کیتھڈرل کی تعمیر1386ء میں شروع ہوئی اور 1965ء میں سرکاری طورپر اسے مکمل قرار دے دیا گیا۔ 

اس کیتھڈرل کی خوبصورتی دیکھ کر آپ مبہوت رہ جاتے ہیں، اس کے سحرانگیز مجسمے اور ان کے وجودسے نکلتی روشنیاں، جابجا نظرآتے تاریخی فن پارے، بلند و بالا ستون، نقش و نگار، کھڑکیوں کے انداز، چھت پر کی گئی پچی کاری، غرض یہ کہ ایک ایک نظارہ آپ کے ہوش گم کردیتا ہے۔ 

سفروزہ کیسل

یہ قلعہ شہر کے ماضی کی داستان بیان کرتاہے، جو 1450ء میں شہر کی حفاظت کیلئے تعمیر کیا گیا تھا۔ اس کے نیچے پانی سے بھری ایک گہری خندق تھی۔ بلندو بالا دروازے سے داخل ہوتے ہی آپ کو آسمان سے باتیں کرتی دیواریں، ہرے بھرے لان، کشادہ راہداریاں، کونوں میں بنی برجیاں اور سینٹ ایمبروسس کا مجسمہ آپ کو مبہوت کردیتا ہے۔ 

اس کی پکچر گیلری میں حسین شاہکار، قبل از تاریخ لکڑی کے مجسمے ، مصری حصہ ، سفروزہ خاندان کا محل، شاہکار فن پارے اور خوبصورت فرنیچر آپ کو کسی اور ہی دنیا میں لے جاتے ہیں۔

لیونارڈ ڈونچی کا مجسمہ

میلان کیتھڈرل کے ساتھ واقع ایک خوبصورت عمارت ویٹوریو گیلریا ہے، جسے دنیا کے سب سے پرانے شاپنگ مال ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ تاہم جدید دور کا تڑکا اسے لگ چکاہے اور اب ا س میں آپ کو مشہور برانڈز کے ساتھ ساتھ آرٹ گیلریاں بھی ملیں گی۔ اس کی چھت شیشے کی بنی ہوئی ہے۔ یہ عمارت درودیوار پر بنے نقش و نگار، تصاویر اور اونچے اونچے محرابوںسے مزین ہے۔

اس عمار ت کے درمیان آپ کو لیونارڈو ڈونچی کا مجسمہ بھی نظرآتاہے، جو سیاحوں سے گھرا رہتا ہے ۔ مونا لیزا کی پینٹنگ سے شہر ت پانے والا لیونارڈو ایک قابل انجینئر بھی تھا ، اسی لیے ا س نے اُس زمانے کی تعمیرات میں سائنسی ڈایاگرامز کو زندگی عطا کی تھی۔ 

بوسکو ورٹیکل

میلان میں واقع آنکھوں کو بھاتی شہری تعمیرات کی شاہکار بوسکو ورٹیکل نامی اس رہائشی عمارت کو یورپ کی بہترین بلند ترین عمارت کے اعزاز سے نوازا گیاہے۔ آسمان کو چھوتی اس عمارت میں بارز، ریسٹورنٹس، گیلریز اور بے شمار عمارتیں موجود ہیں۔ گرین ہائوس ایفیکٹ کا منظر پیش کرتی یہ عمارت دیکھے جانے کے قابل ہے۔ 

اس میں 800درخت اور 1500پودے ہیں، جو کل ملا کر ایک جنگل کا 20ہزار اسکوائر فٹ رقبہ بناتے ہیں۔ یہاں کے لوگوں کو شہری ماحول میں قدرتی ماحول میسر ہے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا کرنے کیلئے دنیا میں  مستقبل کی عمارات کیلئے ایک قابل قدر مثال ہے۔ 

تازہ ترین