• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور چین باہمی تعاون سے چیلنجز کا مقابلہ کرینگے، قونصل جنرل چین

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)عوامی جمہوریہ چین کے کراچی میں تعینات قائم مقام قونصل جنرل چن ژائو ڈونگ نے کہا کہ گذشتہ ستر سالوں کی انتھک محنت کے بعد آج چین دنیا کی دوسری بڑی معاشی طاقت بن چکا ہے اور آج آٹھ سوملین افراد کو غربت سے نجات دلانے میں کامیاب ہواہے۔چائنا اپنی منصوبہ بندی ،سرمایہ کاری اورایجادات کی بدولت دنیا کے ہر خطے میں ایک منفرد پہچان رکھتا ہے۔چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے خطے میں نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ اس منصوبے سے جڑے تمام ممالک میں معاشی خوشحالی آئے گی اور خطے میں استحکام کے ساتھ ساتھ ہم آہنگی کو بھی فروغ ملے گا۔چین پاکستان کی سالمیت کے لئے نیک خواہشات رکھتا ہے اور باہمی تعاون سے ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے زیر اہتمام عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کی مناسبت سے جامعہ کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میںمختلف ثقافتی اور لوک ورثے کے پروگرام پیش کئے گئے۔ چن ژائو ڈونگ نے مزید کہا کہ اندرونی مسئلہ ہو یا خطے میں تنازعات یا بین الاقوامی مسائل ہوں پاک چین کے مابین مضبوط رشتے کی بدولت دونوں ممالک ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہتے ہیں۔اس وقت پچیس ہزار کے قریب پاکستانی طلبہ چین کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم ہیں جن میں سے سات ہزار سے زائد مختلف اسکالرشپس پر تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ چین پاکستان کے لئے مزید اسکالرشپس فراہم کرے گا ۔ثقافت ،آرٹ ،آرکولوجی ،فلم اور کھیل کے شعبہ جات میں بھی تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔جامعہ کراچی کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تبسم محبوب نے کہا کہ چین نے اپنی انتھک محنت سے دنیا میں اپنا اعلیٰ مقام بنایا ہے۔کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے چینی ڈائریکٹرپروفیسر ژانگ ژائو پنگ)نے کہا کہ گذشتہ چھ سالوں کے دوران جامعہ کراچی کا کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے سب سے بڑے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔

تازہ ترین