• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاجر ہوں یا غریب طبقہ سب ہی حکومت سے تنگ آچکے، نوید قمر

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے مارننگ شو جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پاکستان پیپلز پارٹی نوید قمر کا کہنا تھا کہ مارچ کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ ہوچکا ہے ‘ پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور اس کو اندازہ ہے کہ تاجر ہوں یا غریب طبقہ سب ہی اس حکومت سے تنگ آچکے ہیں اس لئے ہم احتجاج سے پیچھے نہیں ہٹیں گے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ جو ہمارے تحفظات تھے وہ ہم نے مولانا کے سامنے رکھے ہوئے ہیں اور ہماری شرکت ایک حد تک اس مارچ میں ہوگی ۔ جیو پاکستان نے کے پی سے تعلق رکھنے والی خاتون صحافی ممانڑہ آفریدی کی جدوجہد کی داستان بھی ناظرین سے شیئر کی۔پاکستان فلم انڈسٹری نے ایک اور اعزاز حاصل کرلیا ہے جس کی خبر دیتے ہوئے دونوں میزبانوں ہما امیر شاہ اور عبداللہ سلطان کا کہنا تھا کہ جیو فلم کے بینر تلے بننے والی پاکستانی فلم لال کبوتر نے بہترین فیچر فلم کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا ہے ‘ فلم کو یہ ایوارڈ تصویر ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں دیا گیا ہے ۔ اس فلم کو آسکر نامزدگی کے لئے بھی منتخب کیا جاچکا ہے فلم کے مرکزی کردار احمد علی اختر کو بھی واشنگٹن ڈی سی ‘ ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے ۔ احمد علی اختر کہتے ہیں فلم کی تعریف ہر جگہ موجود ہے اور کوئی یقین نہیں کررہا تھا کہ فلم پاکستانی ہے ۔ ناظرین کو یہ خوشخبری بھی دی گئی کہ مذکورہ فلم پاکستانی سینما گھروں میں 11 اکتوبر سے نمائش کے لئے دوبارہ سے پیش کی جارہی ہے مشیر ماحولیات سندھ مرتضیٰ وہاب کاجیو پاکستان میں دعویٰ کیا کہ 30 روز مزید لگیں گے پھر عوام کو صفائی واضح نظر آئے گی ۔ کراچی کی عوام میں خوف و ہراس ایک بار پھر بڑھتا جارہا ہے اور وجہ ہے بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتیں ‘ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے نے شہریوں میں بے سکونی کی کیفیت طاری کردی ہے۔ یہی حال دارالحکومت اسلام آباد کا بھی ہے جہاں سیف سٹی کا تصور اب ناپید ہوتا جارہا ہے ۔

تازہ ترین