• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

UNقراردادیں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بہترین روڈ میپ ہیں، بشیر رٹوی

مانچسٹر(غلام مصطفی مغل) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس ”تحریک کشمیر بورڈ“ برطانیہ و یورپ کے چیئرمین‘ چوہدری بشیر رٹوی نے روز نامہ جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بہترین روڈ میپ مہیا کرتی ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے پاکستان، ہندوستان اور کشمیری لازمی فریق ہیں اور اس خطہ میں امن و ترقی کا دارومدار مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور کشمیریوں کی خواہشات پر مبنی حل سے مشروط ہے۔ سیز فائر لائن کے علاقوں میں بسنے والے عوام کی ہمت اور حوصلہ کو داد دیتے ہیں۔ ہماری بہادر افواج ہندوستان کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔ آزادکشمیر کے عوام اپنی بہادر افواج کی پشت پر ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورت حال دن بدن گمبھیر ہو رہی ہے اور ہندوستانی افواج کی تعداد میں اضافہ اور غیر معمولی نقل و حمل پر کشمیر میں بہت تشویش پائی جاتی ہے۔اُنھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پاکستان، ہندوستان اور کشمیری لازمی فریق ہیں اور اس خطہ میں امن و ترقی کا دارومدار مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور کشمیریوں کی خواہشات پر مبنی حل سے مشروط ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کریں۔ ایک سیاسی، معاشی مستحکم اورجمہوری پاکستان ہی کشمیریوں کی موثر وکالت کر سکتا ہے۔ چوہدری بشیر رٹوی نے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو، ہندوستانی جیل میں قید یاسین ملک اور دیگر قیدیوں کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں۔انہیں فوری رہا کیا جائے،اُنھوں نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال بین الاقوامی برادری کی توجہ کی متقاضی ہے۔ اُنھوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے اقدامات کرے۔
تازہ ترین