• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ائیر پورٹ روڈ اور کچلاک میں سیل بس اڈوں کو کھولا جائے، بی این پی

کوئٹہ(پ ر) بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے رکن بلوچستان پنجاب بس فیڈریشن کے صدر ملک عبدالمجید کاکڑ نے ائیر پورٹ روڈ اور کچلاک میں بس اڈوں کو سیل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ فوری طور پر سیل کئے جانے والے اڈوں کو کھولے تاکہ لوگوں کو اندرون ملک سفرکرنے کیلئے آسانی ہو، بلوچستان میں پہلے ہی بے روزگاری اور غربت عروج پر ہے اس طرح کے غلط اقدامات سے بیروزگاری میں مزید اضافہ ہوگا اگر ہمارا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو ہم راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے جس سے حالات کی تمام ذمہ داری حکومت اور متعلقہ انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ ایک بیان میں ملک عبدالمجید کاکڑ نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو بلا جواز تنگ کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور کوئٹہ سے اندرون صوبہ جانے والے مسافر کوچوں کے اڈوں کو سیل کرنا شروع کردیا ہے، انتظامیہ نے گزشتہ روز ائیر پورٹ روڈ اور کچلاک میں بس اڈوں کو سیل کیا ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ انتظامیہ گزشتہ کئی سال سے ہزارگنجی اڈے میں بس اڈوں کو منتقل کرنے اور وہاں پر تمام سہولیات کی فراہمی کے دعوے کررہی ہے آج تک ہزار گنجی میں ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کیلئے کوئی سہولت درکار نہیں نہ ہی کوئی ٹرمینل بن سکا ہے۔ ہزار گنجی کی سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور بدامنی دہشتگردی کے واقعات بھی آئے روز رونما ہوتے ہیں۔
تازہ ترین