• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصل قریشی نے فٹنس روٹین اور صحت مند طرزِ زندگی کے راز بتا دیے

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے معروف اداکار فیصل قریشی نے فٹنس روٹین اور صحت مند طرزِ زندگی کے راز بتا دیے۔

فیصل قریشی کا شمار اُن فنکاروں میں ہوتا ہے جنہیں ناظرین بے حد پسند کرتے ہیں۔ وہ اپنی شاندار اداکاری، مختلف کرداروں میں ڈھلنے کی صلاحیت اور ہر کردار کو حقیقت کے قریب لانے کے باعث ’کنگ آف ورسٹیلیٹی‘ کہلاتے ہیں۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ فیصل قریشی اپنی بہترین فٹنس اور صحت مند طرزِ زندگی کی وجہ سے بھی خبروں میں رہتے ہیں۔

حال ہی میں فیصل قریشی نے اپنی فٹنس روٹین سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں باقاعدگی سے جِم جاتا ہوں اور پوری لگن اور جوش کے ساتھ ورزش کرتا ہوں۔

 ان کا کہنا تھا کہ جسمانی طور پر مضبوط رہنے کے لیے مستقل محنت اور نظم و ضبط بہت ضروری ہے، اسی وجہ سے میں ورزش کو اپنی روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ سمجھتا ہوں۔

اداکار نے اپنی خوراک سے متعلق بھی بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے اپنی ڈائٹ کو صاف اور متوازن بنانے پر خاص توجہ دی، اعجاز اسلم نے مجھے خصوصی اور سخت ڈائٹس سے بچنے کا مشورہ دیا تھا۔

 فیصل قریشی کے مطابق مخصوص ڈائٹس وقتی فائدہ دیتی ہیں، لیکن دیرپا صحت کے لیے زندگی بھر کے اہداف مقرر کرنا ضروری ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت مند ہر چیز کھانی چاہیے، مگر مقدار کو کنٹرول میں رکھنا اصل کامیابی ہے، یہی اصول اپنانے سے میں ناصرف اپنی فٹنس برقرار رکھنے میں کامیاب ہوا بلکہ مجموعی صحت میں بھی بہتری آئی۔

فیصل قریشی کا ماننا ہے کہ صحت مند طرزِ زندگی کسی ایک مرحلے کا نام نہیں بلکہ ایک مسلسل سفر ہے، جس کے لیے مستقل مزاجی، متوازن خوراک اور باقاعدہ ورزش ناگزیر ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید