کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی ویٹرنز ہاکی ٹیم آگلے سال کیپ ٹائون جنوبی افریقا میں ہونے والے ماسٹرز ورلڈ کپ ہاکی ٹور نامنٹ میں حصہ لے گی،پاکستان میں ویٹرنز ہاکی کے بانی اور سابق قومی کپتان اصلاح الدین نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایونٹ 19سے29ستمبر تک کھیلا جائے گا جس کے لئے پاکستان ویٹرنز ہاکی ایسوسی ایشن نے ٹیم کی رجسٹریشن کرادی ہے، ہم نے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایونٹ میں شر کت کے لئے این اوسی جاری کرنے کے لئے درخواست کردی ہے، انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے لئے ٹیم کا انتخاب پاکستان ویٹرنز ہاکی لیگ سے کیا جائے گا، جو آئندہ کراچی میں کھیلی جائے گی،انہوں نے کہا کہ اولمپک گیمز رسائی رائونڈ میں پاکستان کو ہالینڈ سے سخت مقابلے کا سامنا ہوگا، ہماری ٹیم میں چھ نئے کھلاڑی ہیں، مگر امید ہے کہ تجربے کار کھلاڑی جونیئر ز کو بہتر انداز میں استعمال کریں گے اور ان کی صلاحیتوں سے بھر پور فائدہ اٹھائیں گے، انہوں نے کہا کہ کوچنگ اسٹاف ٹیم پر سخت محنت کررہا ہے، کھلاڑیوں کو ہار کے خوف کے بغیر میدان میں جانا ہوگا، دونوں میچ فائنل ہے ، فٹنس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔