• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’لیڈی ڈیانا کے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات تھے‘

برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا دورہ پاکستان برطانوی میڈیا کی توجہ کا بھی مرکز بنا ہوا ہے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ برطانوی شاہی جوڑے کا دورہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بحال کرنے کی وزیراعظم عمران خان کی کوششوں میں مددگار ثابت ہوگا۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل نے لکھا ہے کہ والدہ لیڈی ڈیانا کے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کے باعث یہ دورہ شہزادہ ولیم کے لیے جذباتی نوعیت کا حامل ہے۔ شہزادی ڈیانا سے قربت کی وجہ سے سابق کرکٹ اسٹار اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان بچپن سے شہزادہ ولیم کو جانتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: شہزادہ ولیم اور کیٹ 14 اکتوبر کو پاکستان آئینگے

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ شاہی جوڑے کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے، پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور بریگزٹ بحران کے وقت برطانیہ کے لیے بین الاقوامی تعلقات کی بہتری میں معاون ثابت ہوگا۔

اس سے قبل برطانوی شاہی محل سیاسی اور سکیورٹی اعتبار سے دورہ پاکستان کو شاہی جوڑے کا پیچیدہ ترین دورہ قرار دے چکا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد کو دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات کی کڑی قرار دیا ہے۔

پاکستان آمد پر کیٹ مڈلٹن نے فرانسیسی برطانوی ڈیزائنر کیتھرین واکر کا تخلیق کردہ ہلکے نیلے رنگ کا جدید طرز کا شلوار قمیض زیب تن کیا۔

ڈچز آف کیمبرج کے لباس پر تبصرہ کرتے ہوئے برطانوی اخبار نے لکھا ہے کہ انہوں نے ایک مسلمان ملک کی روایات کا احترام کرتے ہوئے لباس کا انتخاب کیا۔ جس سے ماضی میں لیڈی ڈیانا کے پاکستان کے دوروں پر پہنے گئے ملبوسات کی یاد تازہ ہوگئی ہے۔

برطانوی شاہی جوڑا اسلام آباد پہنچ گیا، پرتپاک استقبال


واضح رہے کہ شاہی جوڑے کا طیارہ گزشتہ رات نور خان ایئر بیس اسلام آباد پر اُتر ا تھا جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو، دفتر خارجہ کے حکام اور اعلیٰ حکومتی عہدے داران نے شاہی جوڑے کا پرتپاک استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیے: ولیم اور کیٹ عمران خان سے کب ملیں گے؟

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن (آج) 15 اکتوبر کو صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم خان سے ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان مامونٹ بھی جائیں گے۔

تازہ ترین