برطانوی شاہی خاندان کے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن دورۂ پاکستان کے موقع پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا بھی دورہ کریں گے، پی سی بی نے اس حوالے سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
برطانوی شاہی خاندان کے شہزادہ ولیم اوران کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن اس ماہ 14سے 18 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔
لاہور آمد کے موقع پر یہ شاہی جوڑا پی سی بی کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا بھی دورہ کرے گا، پی سی بی دونوں کی آمد کے لیے اکیڈمی میں خصوصی انتظامات کر رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں اکیڈمی میں مختلف مقامات پر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ کی یاد گار آویزاں کرے گا۔
امکان ہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کی پاکستانی کرکٹرز سے ملاقات بھی کرائی جائے گی۔
اس سے قبل کنگسٹن پیلس کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ کیمبرج کے ڈیوک اور ڈچس کا پاکستان کا عنقریب ہونے والا دورہ شاہی جوڑے کے لیے اب تک کا نہایت پیچیدہ دورہ ہوگا۔
شاہی جوڑے سے دورۂ پاکستان کے لیے فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس نے استدعا کی تھی۔
شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ وہ ایک خوبصورت ملک کا دورہ کرنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں، جہاں وہ پاکستان کے لوگوں سے ملیں گے اور ان کے کلچر کو محسوس کریں گے۔
یہ بھی پڑھیئے: ولیم اور کیٹ 14 اکتوبر کو پاکستان آئیں گے
شاہی جوڑے کے سیکریٹری ابلاغ کے مطابق سیکیورٹی معاملات کے باعث دورے کی تفصیلات اسی دن ہی جاری کی جائیں گی۔
شاہی جوڑا پاکستان میں اسلام آباد، لاہور، شمالی علاقہ جات اور مغربی سرحدی علاقوں میں بھی جائے گا۔
ولیم اور کیٹ موسمیاتی تبدیلیوں، معیاری تعلیم کے لیے رسائی اور پاکستان میں فوجی کاوشوں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننے کی چاہت رکھتے ہیں۔
ڈیوک اور ڈچس کے پروگرام میں برطانیہ اور پاکستان کے مابین تاریخی تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔